نئی دہلی،29اگست ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) نئی دہلی کی سڑکوں پر آج اچانک راجیو گاندھی کی تصویر والے پوسٹر لگائے گئے تھے، جس میں لکھا تھا’’راجیو گاندھی، فادر آف ماب لنچنگ ‘‘۔
یہ پوسٹر بی جے پی کے دہلی کے ریاستی ترجمان تجندر پال سنگھ بگا کی جانب سے لگائے گئے تھے ۔دہلی بی جے پی ترجمان تجندر پال سنگھ بگا نے منگل کے روز سابق وزیر اعظم کے خلاف اس قسم کی ہورڈنگ لگانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے لندن میں تین دن پہلے ایک بیان دیا تھا کہ 1984 میں جو سکھ قتل عام ہوا تھا اس میں ان کی پارٹی کسی طرح سے شامل نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان پوسٹر کے ذریعہ ہم ان کی یادداشت کو درست کرنا چاہتے ہیں کہ صرف ان کی پارٹی ہی نہیں بلکہ ان کے والد راجیو گاندھی بھی اس قتل عام کے ذمہ دار تھے۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی صرف اس ملک کے اندر گذشتہ چار سال میں ہوئے ہجومی تشدد کی بات کرتے ہیں جبکہ ملک کی آج تک کی سب سے بڑی ماب لنچنگ کے باوا ان کے اپنے والد سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی ہی تھے۔
تجندر پال سنگھ بگانے کہا کہ سکھ قتل عام میں کانگریس کے کردارپر پارٹی میں ہی تضادہے۔ ایک طرف راہل گاندھی اس سے انکار کرتے ہیں جبکہ ان کے ہی وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کل ایک بیان میں کہا کہ چار پانچ لوگ اس میں شامل تھے۔
انہوں نے راہل گاندھی کو صلاح دی کہ وہ اس سے قبل پارٹی میں ایک رائے قائم کر لیں کہ وہ اس میں شامل تھی یا نہیں ۔ اگر وہ اس بات کو تسلیم کر لیتے ہیں تو انہیں قصورواروں کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ وزیراعظم کے خلاف اس طرح کا الزام عائد کرنے کے لئے معافی مانگیں گے تو انہوں نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا پھر سے کریں گے۔