بنگلورو،27؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت سرکاری اور بی بی ایم پی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو پہلی جماعت سے ہی انگریزی میں تعلیم دینے تیار ہے۔ برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے شروع کئے گئے ’’ روشنی ‘‘ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے معاملے میں اگر کنڑا تنظیمیں رکاوٹ بنیں گی تو ان کو بھی اس سلسلے میں منانے کی کوشش کی جائے گی۔ مائیکرو سافٹ کمپنی کے اشتراک سے ’’ روشنی ‘‘ پراجکٹ کے تحت 156 بی بی ایم پی اسکولوں اور کالجوں میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لئے شروع کئے گئے پراجکٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ اس پراجکٹ کے ذریعے بی بی ایم پی کے تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو نجی اداروں کی سطح تک لے جانے کا جو عزم کیاگیا ہے وہ بچوں کے لئے بہت ہی سود مند ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کنڑا نواز تنظیموں کے قائدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کنڑا کا نعرہ لگانے والے قائدین جواب دیں کہ ان کے بچے کس اسکول میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ کمار سوامی نے کہاکہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ان لیڈروں کے بچے کہاں پڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنڑا تنظیموں سے وابستہ کارکنوں کے بچے انگریزی تعلیم حاصل کریں اور وہ اپنے مستقبل کو سنوار لیں لیکن سرکاری اور بی بی ایم پی اسکولوں کے بچے اگر انگریزی میں تعلیم حاصل کرلیں تو کنڑا زبان خطرے میں پڑ جائے گی یہ کہاں کا انصاف ہے۔ کیا ان بچوں کو انگریزی سیکھنے کی ضرورت نہیں ؟ اگر ایسا ہے تو کنڑا تنظیموں کے کارکن بھی اپنے بچوں کو انگریزی اسکولوں سے نکال کر بی بی ایم پی اسکولوں میں تعلیم دلائیں یا پھر ریاستی حکومت کی طرف سے سرکاری اور بی بی ایم پی اسکولوں میں انگریزی زبان کی تدریس ہوتی ہے تو خاموش رہیں۔
کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت کا منشاء ہے کہ ہر غریب خاندان سے وابستہ بچہ اس قدر تعلیم حاصل کرسکے کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ کسی بڑی کمپنی میں ملازمت حاصل کرسکے۔ اگر اسے صرف کنڑا زبان کی حدتک محدود کردیا گیا تو اس کا معیار زندگی کیوں کر بلند ہوگا اور تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کیسے بہتر ہوگا۔ کمار سوامی نے کہا کہ اب تک عوام میں یہی تاثر ہے کہ ان سرکاری اور بی بی ایم پی اسکولوں میں معیار تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے۔ اب مائیکروسافٹ جیسی کمپنی اگر ان اسکولوں میں معیارتعلیم کو بلند کرنے کے لئے آگے آئی ہے تو اس سے خوش آئند بات اور کیا ہوسکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ ریاست بھر میں سرکاری اور بی بی ایم پی اسکولوں میں تجدید ومرمت کے کام کی جلد تکمیل کے لئے قدم اٹھائے گئے ہیں۔ اس کے لئے بجٹ میں رقم بھی مختص کی گئی ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ ملناڈ اور دیہی علاقوں میں اسکول جانے بچوں کو اکثر ندیاں پار کرنی پڑتی ہیں، ان بچوں کی سہولت کے لئے پل کی تعمیر کے مقصد سے 121کروڑ روپے مہیا کرائے گئے ہیں ان عنقریب ان پراجکٹوں پر کام ریاست گیر پیمانے پر شروع کیا جائے گا۔