ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی انتخابات کیلئے کانگریس کو مستعد کرنے کی تیاری

بی بی ایم پی انتخابات کیلئے کانگریس کو مستعد کرنے کی تیاری

Fri, 19 Feb 2021 22:28:50    S.O. News Service

بنگلورو،19؍فروری(ایس او نیوز) کرناٹک کی کانگریس قیادت نے آنے والے دنوں میں اپنی توجہ بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے انتخابات پر پورے طور پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آئی سی سی جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے دو دنوں میں بنگلورو کے تمام اراکین اسمبلی کو طلب کر کے اس بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اراکین اسمبلی کو ہدایت دی کہ اپنے اپنے حلقوں میں تشکیل پانے والے بی بی ایم پی وارڈز میں بوتھ کی سطح پر پارٹی کو منظم کرنے کے لئے قدم اٹھائیں تاکہ بی بی ایم پی انتخابات میں کانگریس پارٹی شہر کے انتظامیہ کو حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قومی اور ریاستی قیادت نے بی بی ایم پی کے انتخابا ت کو کافی سنجیدگی سے لینے کافیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس بی بی ایم پی میں اقتدار پر قبضہ کے ذریعے بنگلورو کے بیشتر اسمبلی حلقوں میں اپنی موجود گی کومضبوط کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ جمعرات کے روز انہوں نے اس سلسلہ میں شہر کے اراکین اسمبلی کرشنا بائرے گوڈا، ضمیر احمد خان،رضوان ارشد اور دیگر کے ساتھ بات چیت کی جبکہ ایک دن پہلے انہوں نے اسی موضوع پر کے پی سی سی کے کارگزار صدر رام لنگا ریڈی، اکھنڈا سرینواس مورتی، کے جے جارج، بائرتی سریش، این اے حارث، ایم کرشنپا اور دیگرکے ساتھ گفتگو کی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس بات چیت کے بعد یہ طے کیا گیا ہے کہ بی بی ایم پی کے نئے قانون کے تحت جب تمام وارڈس کی ترتیب دی جائے گی، اس وقت تک شہر کی حدود میں کانگریس پارٹی کو بلاک سطح پر مضبوط کرنے کے لئے کارکنوں کو مستعد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ انہوں نے آنے والے ضلع پنچایت انتخابات کے لئے بھی تیاریوں پر اجلاس میں زور دیا ۔


Share: