ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں ووٹوں کی گنتی کے بعدمہا گٹھ بندھن کے لیڈر تیجسوی یادو نے کیا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ

بہار میں ووٹوں کی گنتی کے بعدمہا گٹھ بندھن کے لیڈر تیجسوی یادو نے کیا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ

Fri, 13 Nov 2020 14:11:04    S.O. News Service

پٹنہ،13؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار مہا گٹھ بندھن کے لیڈر تیجسوی یادو نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزام عائد کرتے  ہوئے پوسٹل بیلٹ کی دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے  عوام کے اندر پائی جانے والی  چہ میگوئیوں کا مدعا اُٹھاتے ہوئے پوچھا ہے کہ   این ڈی اے کی فتح کیسے ہوئی جبکہ لہر پوری طرح سے مہا گٹھ بندھن کے حق میں تھی۔

تیجسوی نے دعویٰ کیا ہے کہ مہاگٹھ بندھن نے کم سے کم 130؍سیٹوں پر جیت درج کی ہےلیکن 20؍سیٹوں پر سازش کے تحت اُنہیں  ہرایاگیاہے۔

جمعرات کو مہاگٹھ بندھن کی طرف سے وزیر اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے   پریس کانفرنس میں کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنایا ہے اور الیکشن کمیشن نے اپنا نتیجہ سنایا ہے۔عوام کا فیصلہ مہاگٹھ بندھن کے حق میں ہے اور الیکشن کمیشن کا نتیجہ این ڈی اے کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فیصلے اور الیکشن کمیشن کے نتیجے میں بڑا فرق ہے۔ بہار میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، 2015ء میں جب مہاگٹھ بندھن بنا تھا تب عوام کا فیصلہ مہاگٹھ بندھن کے حق میں تھا لیکن چور دروازے سے بی جے پی حکومت میں آگئی تھی۔

تیجسوی نے بتایا کہ عوام نے بی جے پی کو اپوزیشن میں رہنے کا فیصلہ سنایا تھا لیکن وزیر اعلیٰ  نتیش کمار نے لالچ میں یا ڈر کے سبب بی جے پی کے ساتھ حکومت بنالی۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ بی جے پی نے عوام کے فیصلے کا اغوا کر لیا تھا۔ انہوں نے دوبارہ گنتی کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ اس فیصلے نے ظاہر کردیا کہ این ڈی اے کے لوگوں نے کس طرح سے جیت حاصل کی ۔ ان کی فتح کبھی نہیں ہوئی کیوں کہ عوام نے آر جے ڈی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے جو آج نہیں تو کل ثابت ہو کر رہے گا۔ 

تیجسوی نے اُٹھایا عوام کے مسائل: بہار کے جواں سال لیڈر تیجسوی یادو نے کہاکہ پوری انتخابی مہم کے دوران ہم نے عوام کے بنیادی مسائل کو اٹھایا۔ نوجوانوں کو روزگار دینے،بے روزگاری ختم کرنے، کسان مزدور ، نقل مکانی ، معاہدہ پر بحال ٹیچروں کو یکساں کام کے لئے یکساں تنخواہ،تعلیم ، صحت اور اس طرح کے دوسرے سبھی مسائل پر بات کی۔ عوام نے ہماری بات سنی ۔ اب یہ  بہار ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے نوجوانوں کا موضوع  بن چکا ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں سے لے کر معاہدے پر بحال ٹیچر، آشادیدی ، جیویکا، کسان مزدور ، محنت کش سبھی میں غصہ  ہیں کیوں کہ انہوں نے جو نتیجہ دیا تھا اسے اغوا کرتے ہوئے فیصلہ کچھ اور دے دیا گیا۔  

راشٹریہ جنتادل بڑی پارٹی: مہاگٹھ بندھن قانون ساز پارٹی کے نو منتخب لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ عوام میں اس  لئے شدید ناراضگی اور غم وغصہ پایا جارہا ہے کیونکہ  ملک کے وزیر اعظم ، بہار کے وزیر اعلیٰ اور دوسرے سبھی بڑے بڑے سرمایہ کار سب ایک طرف رہے اور تمام طرح کے حربوں کا استعمال کرنے کے باوجود اس ۳۱؍سال کے نوجوان کو روکنے میں ناکام رہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی کے سیل نے ہر طرح کا جوڑ گھٹاؤ کیا تب بھی وہ راشٹریہ جنتادل کو سب سے بڑی پارٹی بننے سے روک نہیں پائے۔ تیجسوی یادو نے بی جے پی سیل کے بارے میں کہا کہ آپ لوگ سمجھ سکتے ہیں کہ بی جے پی کا سیل کون ہے؟

انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن نے متحد ہوکر عوام سے جڑے مسائل کو اٹھایا ، نوجوانوں کو نوکری دینے کی بات کی لیکن کچھ لوگوں نے اپنی معذوری ظاہر کی۔ اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا نام لیے بغیر کہاکہ جو لوگ کہا کرتے تھے کہ یہ چہرے کا کمال ہے کہ آرجے ڈی کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا، آج ان کا چہرہ تیسرے نمبر پر چلا گیاہے۔اب بھی نتیش کمار کے پاس وقت ہے وہ اپنے ضمیر کی آواز سن لیں اور کرسی چھوڑنے کا اعلان کردیں۔


Share: