نئی دہلی3جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پچھلے دنوں رام نگر (اتراکھنڈ) کے ایک سکھ پولیس افسر گگن دیپ سنگھ نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک مسلم نوجوان کو ایک گروہ سے بچایا جو اس کی جان لینا چاہتا تھا کیونکہ وہ ایک ہندو لڑکی کے ساتھ مندر چلا گیا تھا۔اس سکھ افسر کی تحسین وستائش کرتے ہوئے صدر دہلی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے مذکورہ افسر کو خط لکھتے ہوئے کہا کہ ’’میں اور ملک کے لاکھوں شہری آپ کی ڈیوٹی کے تئیں فریضے کے احساس اور بہادری سے متاثر ہیں۔۔۔میں آپ کے اس عمل کی بہت ستائش کرتا ہوں اور آپ کی بہادری کو سلام کرتا ہوں۔ آپ ہم لوگوں اور بالخصوص پولیس افسروں کے لئے رول ماڈل ہیں۔ آپ نے اپنی ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیا حالانکہ ایسا کرتے ہوئے خود آپ کی جان کو خطرہ تھا۔ میں آ پ کے لئے پولیس فورس اور سوسائٹی میں ایک عمدہ اور روشن مستقبل کی تمنا کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ آپ کا قبیلہ بڑھتا رہے‘‘۔ ڈاکٹر ظفرلاسلام خان نے اپنے اس خط کی کاپی اتراکھنڈ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس شری انیل راتوری کو بھی بھیجی ہے۔