ممبئی،29؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر کے پونے بھیما ۔ کورے گاؤں میں اس سال کی شروعات میں بھڑکے تشددکے معاملے میں پونے پولیس نے کئی شہروں میں ایک ساتھ چھاپے ماری کر کے 5 مبینہ نکسل حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان لوگوں کے گھروں سے ان کے لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور کچھ دستاویزات ضبط کئے ہیں۔ پونے پولیس کا دعوی ہے کہ لوگوں کے تار کئی بڑے نکسلیوں سے جڑے ہو سکتے ہیں۔اس سلسلہ میں اب پولیس نے حیدرآباد سے شاعر اور بائیں بازو اسکالر ورور روا ، فرید آباد سے سودھا بھاردواج اور دہلی سے گوتم نولکھا کو گرفتار کیا ہے جبکہ تھانے سے ارون فریرا اور گواسے برنن گونسالوس کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ سودھا بھاردواج نیشنل لا یونیورسٹی میں ایک گیسٹ فیکلٹی کے طور پر پڑھا رہی ہیں۔حالانکہ پنجاب ۔ ہریانہ ہائی کورٹ نے فرید آباد سے گرفتار سماجی کارکن سدھا بھاردواج کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر تین دن کا اسٹے لگا دیا ہے۔وہیں اس معاملے میں پونے پولیس کے ذریعے گرفتار دلت ایکٹوسٹ گوتم نولکھا کو دہلی ہائی کورٹ سے راحت مل گئی لیکن یہ راحت صرف ایک دن کیلئے ہے۔ ہائی کورٹ آج صبح پھر نولکھا کی عرضی پر سماعت کرے گی۔