ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل:پرائیویٹ ایمبولینس گاڑیوں کو اڈپی ضلع میں داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے پر ڈرائیوروں نے کیا احتجاج 

بھٹکل:پرائیویٹ ایمبولینس گاڑیوں کو اڈپی ضلع میں داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے پر ڈرائیوروں نے کیا احتجاج 

Thu, 16 Apr 2020 21:28:53    S.O. News Service

بھٹکل 16/ اپریل (ایس او نیوز) کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کی مہم کے طور پر اڈپی ضلع انتظامیہ نے دیگر اضلاع سے جڑنے والی تمام سرحدوں کو سیل کردیا ہے۔ اس وجہ سے بھٹکل سے مریضوں کو لے کر اڈپی، منی پال یا منگلورو جانے والی نجی ایمبولینس گاڑیوں کو شیرورچیک پوسٹ پر ہی روک لیا جاتا ہے۔

اڈپی ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اقدام سے پریشان ہوکر بھٹکل تعلقہ کے ایمبولینس ڈرائیوروں نے یہاں آنند آشرم کانوینٹ کے میدان میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کرنے والوں میں شامل عبدالخالق نے بتایا کہ ضلع شمالی کینرا میں جدید سہولتوں والا اسپتال نہ رہنے کی وجہ سے بھٹکل سمیت ضلع شمالی کینرا کے عام مریض اور ایمرجنسی معاملات کے لئے کنداپور، اڈپی، منی پال اور منگلورو کی طرف رخ کرنا ایک عام بات ہے۔ ایمرجنسی علاج کی ضرورت ہونے پر نجی ایمبولینس کے ذریعے ان مقامات پر مریضوں کو لے جایا جاتا ہے۔ 

لیکن بھٹکل کو کورونا ہاٹ اسپاٹ قرار دئے جانے کے بعد یہاں سے پرائیویٹ ایمبولینس گاڑیوں کوپولیس کی طرف سے اڈپی ضلع کی سرحد میں داخل ہونے نہیں دیا جاتا اور شیرور کے پاس ہی روک لیا جاتا ہے۔جبکہ رابطہ ایمبولینس کے ڈرائیور امان شبیر نے بتایا کہ ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ایمرجنسی علاج کی ضرورت ہونے پر اجازت نامہ(پاس) دیتے ہیں، لیکن چیک پوسٹ پر پولیس کہتی ہے کہ اڈپی ضلع ڈپٹی کمشنرنے کسی بھی قیمت پر گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دینے سے منع کررکھا ہے۔

ایک اور ایمبولینس ڈرائیور ونائیک نے بتایا کہ اگر بہت ہی زیادہ ایمرجنسی والے کیس کو اڈپی لے جانے کی اجازت دی بھی جاتی ہے تو پھر واپس لوٹنے والے ڈرائیور اور مریض کے رشتے دار کو کوارنٹائن میں بھیج دیا جاتا ہے۔ اس وقت ہماری خبر گیری کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرکے ایمرجنسی مریضوں کے علاوہ جن کا علاج پہلے ہی سے اڈپی اور منگلورو وغیرہ میں چل رہا ہے انہیں اسپتالوں تک پہنچنے اور پہنچانے کی سہولت فراہم کی جائے۔

ہائی کورٹ جائیں گے: جنگلاتی زمین حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والی کمیٹی کے صدر ایڈوکیٹ رویندرا نائک  نے کہا کہ اگر تین دن کے اندر اس ضمن میں کوئی مثبت فیصلہ نہیں کیا گیاتوپھر اس مسئلے کو وہ لوگ مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) کے ذریعے ہائی کورٹ میں لے جائیں گے۔

اس مسئلے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے کہا کہ اڈپی ضلع میں شمالی کینرا سے جانے والی ایمبولینس گاڑیوں پر جو روک لگائی گئی ہے، اسے ہٹانے کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے وہ بات کریں گے اور اس کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔


Share: