بھٹکل:4/فروری (ایس او نیوز) ریاستی محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے سرکاری ، امدادی اور غیر امدادی اسکولوں میں جمعہ کو آدھا دن اسکول جاری رکھ کر اتوار کو مکمل چھٹی کئے جانے والے حکم نامے پر ریاستی کے مشہور تعلیمی ادارے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل نے اعتراض جتایا ہے۔
سنیچر کو بھٹکل کا دورہ کئے وزیر روشن بیگ سے ملاقات کرتےہوئے انجمن کے صدر عبدالرحیم جوکاکو نے بے اطمینانی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل میں قدیم زمانے سے اسکولو ں کو جمعہ کے دن مکمل چھٹی رہتی ہے، لیکن اب حکومت نے اس میں کٹوتی کرتے ہوئے جمعہ کو دوپہر 12:30کے بعد چھٹی کرنے کا حکم دیا ہے، جس کی وجہ سےاقلیتوں کے لئے کافی مسئلہ درپیش ہے، ہمارے ہاں کی اکثر آبادی نجی روزگار اور صنعت کاری میں مصروف رہتی ہے، اتوار کو چھٹی دینے سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہے، سکیولر حکومت کی دہائی دینے والی ریاستی حکومت اپنا فیصلہ واپس لینےکامطالبہ کیا۔ وزیر روشن بیگ نے صدر انجمن کے اعتراض پر وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی وزیر برائے تعلیمات عامہ تنویر سیٹھ سے اس سلسلے میں گفتگو کریں گے اور مسئلہ کاحل نکالنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر مزمل قاضیا بھی موجود تھے۔