بھٹکل،13/ فروری (ایس او نیوز) سری رام سینانے بھٹکل سرکل پولیس انسپکٹر کے دفتر کے سامنے اس بات پر احتجاج کیا کہ مرڈیشور پولیس تھانے میں گنیش ہری کانت کے خلاف کیس درج نہیں کیا جارہا ہے اس لئے سرکل انسپکٹر اس سلسلے میں کارروائی کریں۔
سری رام سینا کارکنان کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینے گنیش ہری کانت نامی شخص کی طرف سے مرڈیشور ہی کے رہنے والے جینت نائک پر حملہ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دئے جانے پر مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں شکایت کرنے کے بعد بھی اس کے خلاف کیس درج نہیں کیا گیا۔ جبکہ گنیش ہری کانت کی طرف سے کی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جینت نائک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوراً گنیش نائک کے خلاف کیس درج کیا جائے۔
سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر پی نے مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اس شکایت کا قانون کے مطابق جائزہ لینے کے بعد کیس درج کیا جائے گا۔ جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔
اس موقع پر سری رام سینا کے ریاستی صدر گنگادھر کلکرنی،ریاستی نائب صدر جینت نائک، تعلقہ صدر اودئے موگیر، مہادیوی ہری کانت، منجولا نائک، سری دھر ایل نائک، منجو کے نائک وغیرہ موجود تھے۔