ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کارگیدے میں زیرتعمیر مکانات پر آفسران کا دھاوا؛ تعمیراتی کاموں کو روکنے کا حکم

بھٹکل کارگیدے میں زیرتعمیر مکانات پر آفسران کا دھاوا؛ تعمیراتی کاموں کو روکنے کا حکم

Thu, 05 Apr 2018 21:43:29    S.O. News Service

بھٹکل 5/اپریل (ایس او نیوز)  تعلقہ کے کارگیدے۔ ہورلی سال میں سرکاری ہاڈی زمین کو آتی کرم کرکے  مکانوں کی تعمیر کرنے کی اطلاع ملنے پر سرکاری آفسران گذشتہ تین چار دنوں سےاس علاقہ میں پہنچ کر تعمیراتی کاموں کو روکنے میں لگے ہوئے  ہیں، ایسے میں خبر ملی ہے کہ  آفسران نے  عوام کو وارننگ دی ہے کہ تعمیر شدہ مکانوں  کو خود ہی منہدم کریں اور اپنا سامان لے کر جائیں، ورنہ اُنہیں توڑ دیا جائے گا۔

روینو آفسران کی  اس طرح  کی کاروائیوں سے متعلقہ علاقہ کے  لوگ پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ زمینات 20/25 سال قبل اُسی علاقہ میں رہنے والے لوگوں سے بڑی بڑی رقومات دے کر خریدی تھیں ۔ان کے مطابق انہوں نے زمینات کو خریدنے کے لئے دوسروں سے قرضہ لیا تھا اور کافی سالوں تک محنت مزدوری کرکے تھوڑی رقم  جمع کرنے کے بعد اب جاکر چھوٹا سا مکان تعمیر کرنے کے لئے آگے بڑھے تھے، مگر آفسران آڑے آرہے ہیں اور  ہمیں  ہماری زمینات سے بے دخل کیا جارہا ہے۔

خبر ملی ہے کہ انتخابات کے اعلان کے بعد  اب ضلعی انتظامیہ  سیاسی لیڈران کے دبائو سے آزاد ہوکر  کارگیدے  اور ہورلی سال میں  زیر تعمیرمکانات پر بلڈوزر چڑھانے کی تیاری میں ہے۔ اس تعلق سے آج جمعرات کو بھی یہاں روینو  آفسران کی ٹیم نے دورہ کرتے ہوئے کچھ مکانات کو خالی  کرانے کی کوشش کی ، ایک مکان میں ہورہے سینٹرنگ کے کام کو روک دیا  تو کچھ مکانوں سے لکڑیاں نکال دیں۔ ایسے میں کچھ مقامی ذمہ داران کی مداخلت کے بعد آفسران ویسے تو واپس چلے گئے ، مگر خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ  پولس کے مکمل انتظامات کے ساتھ یہاں پھر ایک بار  زیرتعمیرمکانات پر بلڈوزر چڑھایا جاسکتا ہے۔

خبر ملی ہے کہ آفسران نے مکان تعمیر کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ خود مکانات کو خالی کرکے نکل جائیں، ایسے میں ایک مکان کو اُس کو تعمیر کرنے والے کے  ذریعے ہی خالی بھی کرایا گیاہے۔ 

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  وہاٹس ایپ شکایت  کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو بھٹکل کے ہی کچھ لوگوں نے   متعلقہ زمینات پر تعمیراتی کام کئے جانے کی خبر دی  تھی ، جس پر کاروائی کرتے ہوئےضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی اور بھٹکل تعلقہ انتظامیہ کو حکم دیا کہ وہ متعلقہ زمینات کو آتی کرمداروں سے خالی کرائیں۔

خیال رہے کہ سن 2008 اور پھر سن 2015 میں بھی یہاں لوگوں کو زمینات سے خالی کرایا گیا تھا، خاص کر 2015 میں کافی بڑے بڑے مکانات پریہاں بلڈوزر چڑھائے گئے تھے اور لاکھوں مالیت کے تعمیر شدہ مکانات کو زمین بوس کیا گیا تھا۔


Share: