بھٹکل 2 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میں کل بدھ 3 فروری سے مرحوم ضیاء شاہ بندری کے نام سے موسوم دو روزہ پرو کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا لائیو ٹیلی کاسٹ ساحل آن لائن پر کیا جائے گا۔کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام اس فلڈ لائیٹ ٹورنامنٹ میں کم و بیش بھٹکل کی 25 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ ٹورنامنٹ نہایت دلچسپ اور شاندار ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے میچس شمس الدین سرکل اور ٹی ایف سی کے قریب واقع بھٹکل اسپورٹس گراونڈ (سم اینکلائیو) میں کھیلے جائیں گے، افتتاحی تقریب بدھ کو شام 4:30 بجے شروع ہوگی، جبکہ پہلا میچ پانچ بجے کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر جدہ کے معروف بزنس مین قمر سعدا تشریف فرما ہوں گے جبکہ دبئی کے معروف بزنس مین اور کورونا وارئیر عتیق الرحمن مُنیری، دمام کے بزنس مین اور سم گروپ کے چیرمین صدیق ارشاد محی الدین، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر ایس ایم پرویز،انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، بھٹکل ٹاون میونسپل صدر پرویز قاسمجی، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی اور کوسموس کے سابق صدر اسماعیل چڑوباپا شابندری اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کی صدارت کوسموس صدر مولوی ارشاد نائطے ندوی کریں گے۔
کوسموس کے جنرل سکریٹری اسماعیل انجم گنگاولی ندوی نے بتایا کہ بھٹکل میں کبڈی کافی عرصہ سے کھیلا جاتا ہے ، ییہ ایک روایتی کھیل ہے اور نوجوان پوری دلچسپی اور تندہی کے ساتھ کھیلتے ہیں، مگر کچھ عرصہ سے شہر میں کبڈی کا رحجان کم ہوتا نظر آرہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے ہم نے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوسموس کا بہترین کبڈی ، والی بال اور کرکٹ کھلاڑی ضیاء اللہ شاہ بندری جس کا حال ہی میں انتقال ہواہے، اس ٹورنامنٹ کو ان کے نام سے موسوم کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو پتہ چل سکے کہ کبڈی اور والی بال کا سابق کپتان مرحوم ضیاء اللہ کتنا نیک، نرم دل اور بہترین انسان تھا، کھیل کو لے کر بھی وہ کس قدر ڈسپلن کا خیال رکھتا تھا، کس طرح دیگر کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ لے کر آگے بڑھتا تھا۔ وہ نہ صرف کبڈی کا ایک بہترین آل راونڈر تھا بلکہ والی بال اور کرکٹ کا بھی مانا ہوا کھلاڑی تھا۔ (اللہ اُس کی بال بال مغفرت فرمائے۔ امین)
ٹورنامنٹ کےکنوینر ابوفیصل محتشم نے بتایا کہ فلڈ لائٹ کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ جمعرات کو کھیلا جائے گا، اول آنے والی ٹیم کو 55555 روپیہ نقد مع ٹرافی جبکہ دوم آنے والی ٹیم کو 25555 روپیہ مع ٹرافی سے نوازا جائے گا۔ سوم آنے والی ٹیم کے لئے بھی 15555 روپیہ نقد مع ٹرافی دی جائے گی۔ اسی طرح ٹورنامنٹ کے بیسٹ آل راونڈر منتخب ہونے والے کھلاڑی کو پانچ ہزارجبکہ بیسٹ رائیڈر اور بیسٹ کیچر کو تین تین ہزار روپئے نقد دئے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کو ساحل آن لائن کے یو ٹیوب چینل پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا، گلف یا بھٹکل سے باہر رہنے والے کبڈی پریمی اس لنک پر کلک کرکے ٹورنامنٹ سے لطف اُٹھاسکتے ہیں : https://www.youtube.com/watch?v=hQ3iwP7ng5M شائقین اگر چاہتے ہیں کہ لائیو شروع ہوتے ہی معلوم ہونا چاہئے تو ساحل آن لائن کے اس یو ٹیوب چینل کو فوری سبسکرائیب کرتے ہوئے بیل ائیکون کو دبائیں۔ جیسے ہی لائیو شروع ہوگا موبائل پر مسیج موصول ہوگا۔
کوسموس کی طرف سے بھٹکل اور اطراف میں موجود تمام کبڈی پریمیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ میدان میں پہنچ کر کبڈی میچس کا بھرپور لطف اُٹھائیں۔ اوراچھے کھلاڑیوں کی ہمت افزائی بھی کریں۔