بحرین 2 ستمبر (ایس او نیوز/محمد اطہر پیرزادے) بھٹکل مسلم جماعت بحرین کا سالانہ جلسہ بروز اتوار مطابق ۳۰ اگست کو صبح ۱۱ بجے منعقد کیا گیا۔ کورونا کی مہا ماری کے چلتے امسال سالانہ اجلاس منفرد انداز میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں صرف انتظامیہ ممبران کو جلسہ گاہ میں آنے کی دعوت دی گئی تھی اور دیگر ممبران کو zoom App کے ذریعہ اجلاس میں جوڑا گیا۔
جلسہ کا آغاز عزیزم محمد عاصم رکن الدین کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، محمد اطہر پیرزادے نے عوام کا استقبال کرتے ہوئے عہدیداران کا تعارف پیش کیا۔ جس کے بعد جماعت کے جنرل سکریٹری سرفراز احمد محتشم نے سالانہ رپورٹ و مالی رپورٹ پیش کی اور ممبران کو جماعت کی کارگزاری پر سوالات پوچھنے کا موقع دیا۔ ممبران سے پوچھے گئے سوالات کا اطمینان بخش جواب دیا گیا۔
اسی جلسہ میں جماعت کے قدیم ممبر اور ماضی میں صدر و جنرل سکریٹری کی خدمات انجام دینے والے محترم باشاہ قاسمجی جو چار دہائیوں سے بحرین میں اپنی خدمات انجام دینے کے بعد تا حیات شہر بھٹکل تشریف لے جانے والے ہیں، جماعت کے سکریٹری اول جناب عبدالفتاح خلیفہ نے انکی تہنیت کی اور جماعت کے ذمہ داروں کے ہاتھوں میمورنڈم اور شال پوشی کی گئی۔ موصوف نے بھی جماعت کی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں جماعت کو مزید ترقی کرتے ہوئے دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدرِجماعت جناب محمد اسحاق پلور نے تمام انتظامیہ و اراکین کا مل جل کر کام کرنے پر شکریہ ادا کیا اور خاص کر امسال اس دارِفانی سے رخصت ہونے والے لوگوں پر تعزیتی کلمات ادا کرتے ہوئے، بحرین میں وفات پانے والے لوگوں کی کاغذی کاروائی میں مدد کرنے والوں کی خدمات کو سراہا اور ساتھ ساتھ کرونا میں حفاظتی اقدامات کے مدِّنظر ہر سال کی طرح امسال سارے ممبران کو ایک ساتھ مدعو نہ کر سکنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
جماعت کے فعال ذمہ دار جناب محمد الطاف مصباح نے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ اراکین کی خدمات کو سراہا اور ممبران کو جماعت سے جڑے رہنے کی تلقین کرتے ہوئے اجتماعیت کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ منور علی انصار پیرزادے کی سریلی آواز میں پیش کی گئی نعت کو سامعین نے محظوظ فرمایا۔ جلسہ کی نظامت جناب اطہر پیرزادے نے بخوبی نبھائی۔ مولوی عبدالرزاق خلیفہ کی دعا اور اطہر پیرزادےکی شکریہ کلمات کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔