ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل انجمن بائز ہائی اسکول کے سالانہ جلسے کا انعقاد : محمد زیان قاسمجی کوگولڈ میڈل’وقارِ انجمن ‘ کا اعزاز

بھٹکل انجمن بائز ہائی اسکول کے سالانہ جلسے کا انعقاد : محمد زیان قاسمجی کوگولڈ میڈل’وقارِ انجمن ‘ کا اعزاز

Tue, 24 Dec 2019 21:16:48    S.O. News Service

بھٹکل:24؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)انجمن آباد پر واقع انجمن بائز ہائی اسکول کی نئی عمارت کے وسیع صحن میں 22دسمبر کو  سجائے گئے سالانہ جلسہ میں ہرسال دئیے جانے والے ذی وقار طلائی تمغہ ’وقارِ انجمن ‘سے  ہائی اسکول کے طالب علم محمد زیان ابن محمد ظفر علی قاسمجی کو مہمانوں اور انجمن کے ذمہ داروں نے اعزاز بخشا۔

جلسے میں مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے اہل نوائط کے پہلے ایم ڈی ڈاکٹر اسماعیل قاضیا نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  طلبا ہمیشہ اختراعی ، ایجادی فکر کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے تلقین کی کہ طلبا جو بھی میدان منتخب کریں ، سوچ سمجھ کر کریں اور اس کے لئے کٹھن محنت کریں تاکہ وہ منتخب شدہ میدان کے اعلیٰ مقام تک پہنچیں۔ انہوں نے طلبا کو خاص کر طبی میدان کی طرف خاص توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ میدان کے ماہرین کی سماج اور ملک کو سخت ضرورت ہے۔

اعزازی مہمان کے طورپر مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے کہاکہ صرف پڑھنا کافی نہیں ہے بلکہ اللہ کی پہچان اور معرفت حاصل کرنے کو پڑھنا کہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ  ہےدراصل  تعلیم  صرف تعلیم نہ ہو بلکہ تعلیم برائے تربیت ہو، کیونکہ  ہمیں صرف طالب علم نہیں بلکہ طالب علم وعمل بننا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ وہ طلبا پر اس طرح محنت کریں کہ وہ کل کے قائد بنیں۔ اسی طرح عبدالقادر جیلانی رکن الدین سی اے ، ڈاکٹر شیش قاضیا، ابراہیم قاضیا نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔

انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل نے انجمن کی بہتری اور ترقی کو لے کر مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہمارے طلبا کو ڈاکٹر اور سی اے کی تعلیم حاصل کرنےکے لئے سہولیات میسر ہونگی، ماہروں کے ذریعے ان کی ہمہ جہت تربیت اور پڑھائی ہوگی۔ مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں طلبا کو چاہئے کہ وہ انجمن کے اداروں میں داخلہ لے کر اپنی تعلیم کو جاری رکھیں ۔ اس موقع پر انہوں نے تدریسی پیشہ کو اختیار کرنےکی اپیل کی تاکہ اداروں کے لئے بہتر سے بہتر اساتذ ہ میسر آئیں۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر عبدالرحمن باطنؔ نے صدارتی کلمات کے ذریعے بچوں کو ہدایات سے نوازا۔

جلسہ کا آغاز محمد الیاس محتشم کی تلاوت قرآن سے ہوا۔  محمد صہیب چکیری نے نعت پیش کی تو طلبا نے ترانہ انجمن پیش کیا۔ اسکول کے صدر مدرس عبداللہ عمررکن الدین نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی ۔ انجمن کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری نے استقبال کیا تو طلبا میں سے ابوبکر ایان اور سید صفوان پیرزادے نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ محمد ثانی اکرمی نے شکریہ کلمات پیش کئے۔جلسے میں ثقافتی و کھیل مقابلوں میں جیت حاصل کرنے والے طلبا کے درمیان انعا مات کی تقسیم کی گئی اور تواضع کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈائس پر ہائی اسکول بورڈ سکریٹری عبدالواجد کولا، کالج بورڈ سکریٹری محمد محسن شاہ بندری وغیرہ موجود تھے۔


Share: