بھوپال3اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش میں بھارت بند کے دوران ہوئے مظاہرے میں بھنڈ ضلع میں دو اور لوگوں کی موت کے ساتھ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے ۔ بھنڈ کے کلکٹر الیاراجہ ٹی نے فون پر آج بتایا کہ پر تشدد مظاہرہ میں مہنگاؤں کے پردیپ جاٹو گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا جس کی کل دیر رات موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ دوسرے شخص دسرتھ عرف درشن جاٹو کی لاش آج صبح مچھنڈ گاؤں کے قریب ایک کھیت میں ملی ہے ،اس کے جسم پر چوٹ کے نشانات بھی پائے گئے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی اب تک بھارت بند کے دوران ہوئے تشددمیں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس میں بھنڈ ضلع میں چار، گوالیار میں تین اور مرینا میں ایک شخص شامل ہے ۔اس کے علاوہ، پولیس سپرنٹنڈنٹ آج فون پر بتایا کہ مچھنڈ تھانہ کے قریب کل مہاویر راجاوت 40 کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی ہے، تاہم کل مدھیہ پردیش پولیس کے ایک سینئر حکام نے بتایا تھا کہ مرنے والے لوگوں میں سے کوئی بھی شخص پولیس کی گولی سے نہیں مرا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ میں مچھنڈ پولیس تھانے کے حولدار رام کمار اور سپاہی سلطان راٹھور کے خلاف ایف آئی آر درج کر گہری تفتیش کی جارہی ہے۔