ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو۔ میسورو شاہراہ کی توسیع کے لئے 8 دسمبر کوسنگ بنیاد

بنگلورو۔ میسورو شاہراہ کی توسیع کے لئے 8 دسمبر کوسنگ بنیاد

Sat, 01 Dec 2018 21:50:30    S.O. News Service

بنگلورو،یکم دسمبر(ایس اونیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج شہر میں ریاستی شاہراہوں کی ترقی کے لئے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ریاست میں جملہ 7622کلومیٹر شاہراہیں ، ان میں سے 3384 کلومیٹر پر مشتمل سڑک قومی شاہراہ کا حصہ ہے، جبکہ 1958 کلومیٹر سڑک کو قومی شاہراہ میں تبدیل کرنے کا کام جاری ہے۔ رواں سال ریاستی حکومت کی طرف سے مزید 516کلومیٹر قومی شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر موجود افسروں کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہ کی تیاری کے لئے درکار زمین اکوائر کرنے میں کسی بھی طرح کی تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں جہاں بھی قومی شاہراہوں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے وہاں پر اراضی اکوائر کرنے کا80 فیصد کام پورا ہوچکا ہے۔وزیراعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں کرناٹکا روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ ، محکمۂ توانائی، محکمۂ جنگلات اور دیگر سرکاری محکموں کے افسر موجود تھے۔ کمار سوامی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ بنگلور میسور شاہراہ کو کشادہ کرنے اور اسے چار لائن شاہراہ میں تبدیل کرنے کاکام 8 جنوری 2019 سے شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے اراضی اکوائر کرنے کا کام تکمیلی مراحل میں ہے۔ ٹمکور شیموگہ شاہراہ کے متعلق انہوں نے بتایاکہ اس کے لئے تین الگ الگ پیکیج ترتیب دئے گئے ہیں۔ جیسے ہی زمین اکوائر کرنے کا کام مکمل ہوگا سڑکوں کی تعمیر کے کام کو جنگی پیمانے پر آگے بڑھایا جائے گا۔ آشریہ اسکیم کے تحت جنگلات میں مکانات حاصل کرنے والے افراد کو حال ہی میں بے دخل کئے جانے کے متعلق کمار سوامی نے کہاکہ ان کے لئے متبادل مکانوں کا انتظام کرنے پر حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔ اس موقع پر وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے ڈائرکٹر جنرل بی این سنگھ ،ممبر تاؤڑے ،محکمۂ تعمیرات عامہ کے اڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش گوئل ، محکمۂ مالیات کے اڈیشنل چیف سکریٹری آئی این ایس پرساد اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔


Share: