بنگلورو،14؍مئی(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ اور وزیر برائے ترقیات بنگلور ڈاکٹر جی پرمیشور نے آج اپنی رہائش گاہ پر شہر کے اراکین پارلیمان ، ار اکین اسمبلی ، کونسل ، میئر اور ڈپٹی میئر کے ساتھ شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ، میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ انہوں نے شہر کے تمام منتخب نمائندوں سے یہی گزارش کی کہ وہ شہر کی ترقی کے لئے متحد ہوکر کام کریں۔ بی بی ایم پی کی حدود میں اسپتالوں ، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو ترقی دینے پرزور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران بعض اراکین اسمبلی نے شہر کو ترقی کی طرف لے جانے کے بارے میں چند مشورے پیش کئے جن پر عمل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے شہر میں بہترین سہولتوں سے آراستہ اسپتالوں کی تعمیر پر زور دیا گیا۔ 2018-19 کے بی بی ایم پی بجٹ میں اس کے لئے فنڈز مہیا کرائے گئے ہیں۔ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ جلد از جلد ان پراجکٹوں کو منظوری دی جائے اور کام کی شروعات ہوجائے۔ ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ ریاست میں کمار سوامی کی قیادت والی مخلوط حکومت نے شہر کی ترقی کی جانب پوری توجہ دی ہے۔ آنے والے دنوں میں بھی پوری توجہ کے ساتھ کام کیاجائے گا۔ میٹنگ میں اراکین پارلیمانی کپیندرا ریڈی، کے سی رام مورتی، ریاستی وزیر کرشنا بائرے گوڈا ، میئر گنگامبیکے ، اراکین اسمبلی سومیا ریڈی، ایس ٹی سوم شیکھر، رکن کونسل سرونا، اور دیگر موجودتھے۔