بنگلورو،10؍مارچ(ایس او نیوز) دنیا بھر میں دہشت کا سبب بنے ہوئے کورونا وائرس نے آخر کار شہر گلستان بنگلورو میں اپنے ناپاک قدم رکھ دئیے۔
بنگلورو میں پیر کے روز امریکہ سے لوٹنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس ہو نے کی تصدیق کے ساتھ عوامی حلقوں میں اس کی دہشت بڑھ گئی۔ساتھ ہی ریاستی حکومت نے احتیاطی تدابیر میں شدت پیداکردی ہے۔ جہاں نرسری اسکولوں کو تاحکم ثانی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا -وہیںاب پہلی سے پانچویں جماعت کے ان اسکولوں کو چھٹی دینے کا بھی اعلان کردیا گیا جو بی بی ایم پی کی حدود میں آتے ہیں۔
بنگلورو میں کووڈ۔19کے پہلے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سدھاکر نے ایک اخباری کانفرنس میں بتایا کہ یکم مارچ کو امریکہ سے لوٹنے والے ایک سافٹ ویر انجینئر کی جانچ میں کوورونا وائرس کے ہونے کی ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے-اس شخص کو راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈسیزس میں داخل کیا گیا ہے اور سخت نگرانی میں الگ تھلک کر کے علاج کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وہیں یہ خبر ہے کہ دوبئی سے لوٹنے والا ایک مسافر جو شدید بخار میں مبتلا تھا لاپتہ ہو گیا ہے۔ اس کی تلاش جاری ہے۔ شبہ ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوا ہو گا۔ اس دوران بنگلور و میں گزشتہ 8تا 10دن کے دوران اس کے رابطہ میں جو بھی لو گ آئے ان کی نشاندہی کرکے ان کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس کے خاندان والوں کو بھی محکمہ صحت نے الگ تھلک کر دیا ہے اور ان کے خون کے نمو نے جانچ کے لئے حاصل کئے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا کہ یکم مارچ کی صبح امریکہ سے اس انجینئر کی بنگلورو آمد ہوئی آمد کے 9 دن بعد اس میں کورونا وائرس کے موجود ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جیسے ہی کورونا وائرس کی بنگلور و میں آمد کی تصدیق ہو گئی ریاستی حکومت کی طرف سے احتیاطاً پہلی سے پانچویں جماعت تک کے تمام بچوں کو تاحکم ثانی چھٹی کا اعلان کردیا۔
وزیر تعلیم سریش کمار اور وزیر صحت بی سری راملو نے ٹوئیٹر کے ذریعے اپنے طور پر اعلان کیا کہ بنگلورو میں کورونا وائرس سے متاثر ایک مریض کے ہونے کی تصدیق کے پیش نظر بچوں کو اس کے اثر سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ پہلی سے پانچویں جماعت کے لئے تاحکم ثانی چھٹی کا اعلان کردیا جائے -
بتایا جاتا ہے کہ بنگلورونارتھ، ساؤتھ اور بنگلورورورل کے ڈی ڈی پی آئی کی حدود میں آنے والے اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو یہ چھٹی دی جا رہی ہے۔
وزیر تعلیم سریش کمار نے اس چھٹی کے اعلا ن کے سلسلے میں ایک ویڈیوجاری کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کورونا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق کے بعد چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ بی بی ایم پی او ر بنگلور و رورل میں آنے والے اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے بچوں کو چھٹی دے دی جائے- بچوں کو چھٹی صر ف احتیاط کے طور پر دی جا رہی ہے حکومت کے اس فیصلے سے عوام کو کسی طرح کی دہشت میں مبتلا ہونے کی ضرور ت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی یو سی کے امتحان جاری ہیں۔ 27مارچ سے ایس ایس ایل سی کے امتحان حسب پروگرام جاری رہیں گے۔ اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ دیگر جماعتوں کے امتحانات کو بھی23مارچ تک پورا کرلیا جائے۔
منگلورو سے مشتبہ مریض فرار: اس دوران کچھ عرصے قبل دوبئی سے بنگلورو آمد پر کورونا وائرس کی علامتوں کی نشاندہی کے بعد منگلورو کے اسپتال میں زیر نگرانی مریض نے اسپتال سے راہ فرار اختیار کرلی جس کی وجہ سے کچھ دیر دہشت پھیل گئی تاہم اس کی تلاش کے بعد اسے گھر پر ہی پایا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ کل دیر رات وہ اسپتال کے عملے سے الجھ گیا اور اس نے ایک نجی اسپتال میں علاج کروانا چاہا۔
دکشن کنٹر ا کی ڈپٹی کمشنر سندھو بی روپیش نے کہا کہ اس مریض کو شبہ کی بنا پرزیر علاج رکھا گیا تھا اور اس میں کورونا وائرس کے ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سدھاکر نے کہا کہ دس سال تک کے بچوں میں چونکہ بیماری کامقابلہ کرنے کی قوت کم ہوتی ہے ان کو محفوظ رکھنے کیلئے حکومت نے بنگلورو کی حدو د میں پہلی سے پانچویں جماعت کے بچوں کو چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتیاطی طور پر 10تا 17مارچ ریاست بھر میں آنگن واڑیوں کو بھی بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ میڈیا کے حلقوں میں متضاد خبروں کے درمیا ن محکمہ تعلیمات عامہ کے کمشنر کے جی جگدیش نے تصدیق کی کہ پہلی سے پانچویں جماعت کے بچوں کے لئے کلاسس تا حکم ثانی نہیں رہیں گے۔