بنگلورو،21؍فروری(ایس او نیوز) شہر گلستان کے نام سے مشہور بنگلورو 2020کے دوران ملک کا تیسرا سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے والا شہر بن کر سامنے آیا ہے۔ گرین پیس کی طرف سے کروائے گئے ایک سروے کے مطابق 2020کے دوران ہندوستان کا شہر گلستان آلودگی کے اعتبار سے تیسرا بدترین شہر رہا ہے۔ اس شہر میں آلودگی کی وجہ سے 12ہزار اموت کادعویٰ کیا گیا ہے۔
گرین پیس کی رپور ٹ کے مطابق دہلی ہندوستان کا سب سے آلودہ شہر بنا ہوا ہے۔ گزشتہ سال ممبئی ملک کا دوسرا سب سے آلودہ شہر رہا اس بار بھی وہ دوسرے نمبر پر رہا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 2020کے دوران صرف آلودگی کے سبب دہلی میں 54ہزار اور ممبئی میں 25ہزار اموات ہوئی ہیں۔ عالمی سطح پر آلودگی کے معیارات کا جائزہ لیا جائے تو وہاں بھی دہلی کی صورتحال کافی خراب ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک کی راجدھانی میں اب تک محض P.M 2.5کے سبب 1.6 لاکھ جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے مرحلہ میں تیار کی گئی اس رپورٹ کے مطابق سخت لاک ڈاؤن بھی ملک کے تین بڑے شہروں دہلی، ممبئی اور بنگلورو کی آلودگی کو کم نہ کر سکا۔گرین پیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ آلودگی زیادہ پھیلنے کے اسباب میں گاڑیوں کے لئے استعمال میں آنے والے ایندھن کا غلط انتخاب کافی حد تک ذمہ دار ہے۔گرین پیس انڈیا کے ماہر موسمیات اویناش چنچل کے مطابق خالص قدرتی ایندھن کے انتخاب میں کوتاہی اکثر آلودگی کاسبب بن کر سامنے آتی ہے۔