بنگلورو، 21؍جون (ایس او نیوز) ریاست کے چند اضلاع میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد 21جون بروز پیر سے شہر میں بی ایم ٹی سی بس سرویس اور نما میٹرو ریل سرویس کے آغاز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
بی ایم آر سی ایل کی اطلاع کے مطابق صبح 7تا 11بجے اور دوپہر 3تا شام 6بجے میٹرو ریل سرویس خدمات ہر 5منٹ میں فراہم ہوں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر ضرورت پڑی تو مسافروں کے دباؤ کے تحت ٹائم ٹیبل میں ترمیم کی جائے گی۔ تاہم حسب معمول اسمارٹ کارڈ والوں کو سفر کاموقع فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ فی الوقت ٹوکن کا نظام نہیں ہوگا اور کارڈ کاری چارج اور نئے کارڈ کی خریداری بغیر نقد کیا گیا ہے۔ موبائل ایپ، کارپوریشن کے ویب سائٹ، آن لائن ٹاپ ایپ کے ذریعہ اسمارٹ کارڈری چارج کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹرو ریل کی کل سیٹوں میں 50فیصد مسافروں کو سفر کرنے کا موقع فراہم رہے گا اور لازمی طورپر ماسک پہننا ہوگا جبکہ باب الداخلہ پر درجہئ حرارت کا ٹسٹ کیا جائے گا اور سینی ٹائزر کا بھی انتظام ہوگا۔ اسی طرح بی ایم ٹی سی بسیں بھی سرویس شروع کریں گی اور کل سیٹوں میں سے 50فیصد میں ہی مسافروں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔
بی ایم ٹی سی ذرائع نے بتایا کہ ویک ینڈ میں بس سرویس مشکوک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بی ایم ٹی سی سرویس میں خدمت انجام دینے پہلا اور دوسرا دونوں ویکسین حاصل کرنے والے عملہ کو ہی موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ صرف ایک ویکسین حاصل کرنے والے عملہ کو کووِڈ نگیٹیو رپورٹ ساتھ لانا لازمی ہوگا اور دونوں ویکسین حاصل کرنے والوں کو دوبارہ کووِڈ ٹسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔