نئی دہلی، 30؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کی ایک عدالت نے بلی بائی ایپ کیس کے ملزم نیرج بشنوئی اور سلّی ڈیلز ایپ کے ملزم اومکاریشور ٹھاکر کو انسانی بنیادوں کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت دے دی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ ملزمان پہلی بار کے مجرم ہیں اور مسلسل قید ان کی بھلائی کے لیے نقصان دہ ہو گی۔
اس سے پہلے ہیٹ اسپیچ (نفرتی خطاب) کے ایک کیس میں دہلی ہائی کورٹ نے کہاتھاکہ مسکراکرکچھ کہناجرم نہیں ہے۔عدالت کے حالیہ تبصروں پرسوشل میڈیا پر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ، پوچھا جارہا ہے کہ کیاکوئی پہلی بارقتل کردے تو وہ مجرم نہیں ہوگا؟ کیا انسانی بنیادوں پر دوسرے معاملوں میں بھی ضمانت دی جاسکتی ہے ؟
یاد رہے کہ بلی بائی ایپ اورسلّی ڈیلز ایپ پرپوری دنیامیں ملک کی بدنامی ہوئی ، اس ایپ کے ذریعے مسلم عورتوں کی نیلامی کاخطرناک اورشرمناک کام کیاگیا لیکن یہ لوگ جیل میں زیادہ مدت نہیں رہ سکے۔ کہا گیا ہے کہ عدالت نے ملزمان پر سخت شرائط عائد کی ہیں۔ تاکہ وہ کسی گواہ کو دھمکا نہ سکے اور کسی ثبوت کو خراب نہ کر سکے۔ شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ ملزم کسی بھی متاثرہ شخص سے رابطہ کرنے، اثر انداز ہونے، متاثر کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ملزم شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا، تفتیشی افسر کو اپنے رابطے کی تفصیلات فراہم کرے گا اور اپنا فون آن رکھے گا اور تحقیقاتی آفسر کو اپنی لوکیشن فراہم کرے گا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان ملک سے باہر نہیں جائیں گے اور ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں گے۔