بدایوں،8؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) یوپی کا بدایوں ایک بار پھر چرچا کا موضوع ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں نربھیا طرز کی درندگی واقع ہوئی ہے ۔ اتوار کے روز یہاں اوگھوتی علاقہ میں واقع ایک مندر میں درندہ صفت پجاری نے ایک دلت خاتون کے ساتھ دو مردوں کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی،اس کے بعد اسے قتل کردیا ۔
خیال رہے کہ دلتوں کو اس مندر میں جانے کی اجازت نہیں ہے، جس مندر میں درندگی کا یہ واقعہ وقوغ پذیر ہوا، اور جو اس گناہ کا ماسٹر مائنڈ ہے ، وہ ملزم پجاری فرار ہے۔اوگھوتی تھانے سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پرمویلی نامی گاؤں ہے ، اسی گاؤں میں پاپ کا مندر ہے ، جہاں اتوار کے روز 50 سالہ دلت خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی ، اور پھر سفاکانہ قتل کردیا گیا۔ پولیس نے پاپ کے اس مندر کواپنے قبضے میں لے لیا ہے، کسی کو مندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔گاؤں کا چوکیدار کا کہنا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیاتھا، تو وہ گاؤں میں تھا، لیکن جب معاملہ بڑھا تو اسے اس واقعہ کا علم ہوا۔ چوکیدار جو والمیکی برادری کا ہے ، اس کا کہنا ہے کہ ہمیں مندر میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ میں 65-70 کے آس پاس ہوں، ہم نے والمیکی اور جاٹو ؤں کو مندر جاتے نہیں دیکھا۔ دلتوں کو بھی اس مندر میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔جب کہ متأثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ پجاری نے فون کرکے متأثرہ کو بلایا تھا، جس کے بعد یہ سانحہ پیش آیا۔