ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بابا رام دیو اَب بی جے پی لیڈروں کے نشانے پر

بابا رام دیو اَب بی جے پی لیڈروں کے نشانے پر

Thu, 27 May 2021 23:10:17    S.O. News Service

شملہ،27؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) بی جے پی کے سینئر رہنما اور ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلی شانتا کمار نے ایلوپیتھی طریقہ علاج پر سوامی رام دیو کے بیان کو انتہائی بدقسمتی سے تعبیر کیا ہے۔ شانتا کمار نے آج یہاں بتایا کہ اس تنازعہ کی وجہ سے سوامی رام دیو کی تاریخی اور روشن شبیہ پرآنچ آرہی ہے، جس کی وجہ سے ملک کے کروڑوں لوگ بےحد افسردہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آیوروید اور ایلوپیتھی دونوں ہی طریقہ علاج سے انسانیت کی خدمت ہورہی ہے۔ یوگا کی طرح آیور وید بھی ہندوستان کو ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ لیکن پوری دنیا کے ڈاکٹروں اور سائنس دانوں کی محنت کی وجہ سے ایلوپیتھی ایک بہت ہی جدید طریقہ علاج بن گیا ہے۔ ایلوپیتھی اور آیور وید طریقہ علاج کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

شانتا کمار نے مزید کہا کہ سوامی رام دیو نے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن کی کوششوں کی وجہ سے اپنا بیان واپس لے لیا ہے لیکن اس کے ساتھ ایک تنازعہ شروع ہوگیا ہے۔ اب یہ تنازعہ عدالتوں میں جانا شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے ہرش وردھن کو ٹیلیفون کیا ہے اور اس تنازعہ کو جلد از جلد حل کرنے کی تاکید کی ہے۔ جتنا یہ تنازعہ بڑھتا جائے گا اس سے ملک کا امیج بھی متاثر ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں بابا رام دیو کو مبینہ طور پر ایلوپیتھی طریقہ علاج پر اعتراضات کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس بیان کے بعد ہی پورے ملک کے ڈاکٹر مشتعل ہوگئے ہیں۔ آئی ایم اے نے تو اس تعلق سے بابا رام دیو کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔


Share: