نئی دہلی،27جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج راجیہ سبھا میں بتایا کہ ہندوستانی پیشہ ور افراد کو ایچ ون بی ویزا جاری کرنے کے معاملے پر امریکی انتظامیہ سے ہر سطح پر مذاکرات جاری ہے لیکن اب تک اس میں کوئی اہم تبدیلی نہیں ہو ئی ہے۔
محترمہ سشما سوراج نے وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے آنند شرما کےسوال کے جواب میں کہا کہ حالیہ برسوں میں ہندوستانی پیشہ ور افراد کو ایچ ون بی ویزا جاری کرنے میں اضافہ ہواہے۔ سال 2014 میں 1.08 ملین ایچ ون بی ویزا جاری ہوئے تھے جن کی تعداد 2017 میں بڑھ کر 1.29 ملین تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانیوں کو ایچ ون بی ویزا جاری کرنے میں سال 2016 کے مقابلے میں 2017 میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ایچ ون بی ویزا جاری کرنے پر سختی کا خطرہ برقرار ہے۔ حکومت پرزور کوشش کر رہی ہے۔ ہر سطح پر اس سلسلے میں گفتگوکی جا رہی ہے۔ امریکی کانگریس کے ارکان کے ساتھ بھی اس پر بات چیت جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے خود امریکی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی ہے جبکہ وزیر خزانہ اور صنعت اور وزیر تجارت اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات کر چکے ہیں۔
سشما سوراج نے کہا کہ اس سال ستمبر میں یہاں ہو نے والے 'ٹو پلس ٹو' مکالمے کے دوران بھی اس مسئلے کو زور و شور سے اٹھایا جائے گا۔ اس میں ہندوستان اور امریکہ کے وزیر دفاع اور وزیر تجارت حصہ لیں گے۔
مسٹر آنند شرما کے خدشات پر محترمہ سوراج نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 18 اپریل 2017 کو 'امریکی خریدو اور امریکی کو نوکری دو' کے عنوان والا ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا، جس میں ایچ ون بی ویزا میں بہتری تجویز دی ہے۔