نئی دہلی، 26 فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایودھیا زمین تنازعہ پر سماعت آئینی بنچ نے 6 ہفتے کے لئے ملتوی کردیا ہے۔بنچ نے تنازع پر اہم تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسلیشن پر اتفاق پیدا جاسکے، اس کے لئے سماعت اگلے 6 ہفتے تک کے لئے موخرکی جارہی ہے۔کورٹ نے اس معاملے میں ایک اور اہم تبصرہ کرتے ہوئے ثالثی کی کوشش پر زور دیا۔کورٹ نے کہا کہ اگلے منگل کو بنچ اس پر فیصلہ لے گی کہ عدالت کا وقت بچانے کے لئے معاملے کو کورٹ کی نگرانی میں ثالثی کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
سپریم کورٹ 5 مارچ کو فیصلہ کرے گا کہ ایودھیا کیس معاہدے کے لئے ثالث کے پاس بھیجا جائے یا نہیں۔اس سے قبل فریقین کو عدالت کو بتائیں گے کہ وہ ثالتی چاہتے ہیں یا نہیں؟ جسٹس بوبڑے نے اپنے تبصرے میں کہاکہ یہ کوئی ذاتی ملکیت کو لے کر تنازعہ نہیں ہے، کیس پوجا کے حقوق سے منسلک ہے،اگر معاہدے کے ذریعے 1 فیصد بھی اس معاملے کے سلجھنے کی گنجائش ہو تو اس کی کوشش ہونی چاہئے۔
آئندہ لوک سبھا انتخابات کو دیکھتے ہوئے اس معاملے پر ملک بھر کی نگاہ ٹکی ہوئی ہے،پچھلی سماعت میں چیف جسٹس نے اشارہ دیا تھا کہ آج کی سماعت میں کیس کی شکل طے کی جائے گی،تاہم اب سماعت کو ٹرانسلیشن پر اتفاق پیدا کرنے کے لئے اگلے 6 ہفتے کے لئے ٹال دیا گیا ہے۔گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا تھا کہ معاملے سے متعلق جو ریکارڈ ہیں اس میں 50 ٹرنک دستاویز ہے،رجسٹری اس کی جانچ کرے،دستاویزات سنسکرت، عربی، اردو، ہندی، فارسی اور گرمکھي میں ہے، جس کا ٹرانسلیشن ہونا تھا،اگر ضرورت ہو تو رجسٹری سرکاری ٹرانسلیٹر کی مدد لے سکتے ہیں۔