نئی دہلی،11؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) رواں ماہ بینک ایک ساتھ چار دن تک بند رہیں گے - ایک طرف جہاں بینکوں کی نجکاری کے خلاف ملازمین ہڑتال پر جانے والے ہیں، وہیں دوسری طرف اس مہینے کئی چھٹیاں بھی آ رہی ہیں - ایسی صورت حال میں اپنے بینک سے وابستہ کاموں کو جلد نمٹا لیں تو بہتر ہوگا ورنہ آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے-
عام بجٹ میں مودی حکومت نے تین سرکاری بینکوں کی نجکاری کا اعلان کیا تھا- آئی ڈی بی آئی سمیت مزید دو سرکاری بینکوں کی نجکاری انجام دی جائے گی- اعلان کے بعد سے ہی بینک ملازمین احتجاج کر رہے ہیں - بینکوں کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی یونین نے 15 اور 16 مارچ کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے- ملک کی نو یونینوں کی تنظیم یونائٹیڈ فورم آف بینک یونینز نے اس ہڑتال کا اعلان کیا ہے- ملازمین بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کی تیاری کر رہے ہیں -دراصل، 13 مارچ کو مہینہ کا سیکنڈ سیاٹرڈے (دوسرا سنیچر) ہے اور 14 مارچ کو اتوار کی چھٹی ہے- اس کے بعد دو دنوں تک ہڑتال رہے گی- لہٰذا 13 مارچ سے پہلے ہی اپنے بینک کے امور نمٹا لیں ورنہ آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے- ملک کے سب سے بڑے سرکاری بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے کام کاج پر بھی اس ہڑتال کا اثر پڑنے والا ہے-بینک ہڑتال کے علاوہ 11 مارچ یعنی کل مہاشیوراتری کی بھی چھٹی ہے، ظاہر ہے کہ اس دن بھی بینک بند رہیں گے-
ایسے میں 11 سے 16 مارچ تک صرف ایک ہی دن یعنی 12 مارچ (جمعہ) کو ہی بینک کھل سکیں گے اور اس روز پورے دن کام ہوگا-