ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی: سردی ، بخار کی علامات میں کووڈ جانچ کروانا ہوگا لازمی۔ حمل کے دوران جنس کی جانچ کرنے پر ہوگی 3سال کی سزا۔ ڈپٹی کمشنر جگدیشا کی وارننگ

اڈپی: سردی ، بخار کی علامات میں کووڈ جانچ کروانا ہوگا لازمی۔ حمل کے دوران جنس کی جانچ کرنے پر ہوگی 3سال کی سزا۔ ڈپٹی کمشنر جگدیشا کی وارننگ

Thu, 10 Dec 2020 22:32:49    S.O. News Service

اڈپی،10؍دسمبر (ایس او نیوز) جنوری اور فروری میں کووِڈ  وبا کی دوسری لہر تیز تر ہونے کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے ضلع اڈپی میں اس  سےنپٹنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر اڈپی میں  پرائیویٹ میڈیکل اسٹابلشمنٹ رجسٹریشن اتھاریٹی کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے   ڈپٹی کمشنر جی جگدیشا نے کہا کہ’’ جو مریض سردی اور بخار کے علاج کے لئے اسپتالوں میں آتے ہیں ان کا کووِڈ ٹیسٹ لازمی طور پر کیا جانا چاہیے۔جو پرائیویٹ اسپتال یہ ٹیسٹ نہیں کروائیں گے ان کا رجسٹریشن منسوخ کیا جائے گا۔‘‘

ڈی سی نے کہا کہ ’’عام لوگ اب کورونا کے سلسلے میں زیادہ سنجیدہ نہیں  ہیں اور بے خوف ہوگئے ہیں۔ اور اسی سے کورونا وبا کی دوسری لہر کے لئے دروازے کھل جاتے ہیں۔اس پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ جو پرائیویٹ اسپتال کورونا جیسی علامات کا علاج کرتے ہیں انہیں مریض کی تمام تفصیلات اپنےریکارڈ میں محفوظ رکھنا چاہیے۔‘‘

جگدیشا نے کہا کہ اڈپی ضلع میں میڈیکل پریکٹس شروع والوں کو اپنا کلینک یا اسپتال  پہلے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھاریٹی کے پاس رجسٹر کروانا ہوگا ۔جو لوگ لائسنس کے بغیر میڈیکل پریکٹس کریں گے ا ن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ضروری میڈیکل تعلیم اور سند کے بغیر خاندانی پیشہ کے طور پر دوائیاں دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔‘‘

شہر کے اسکیاننگ سینٹرس کے لئے بھی وارننگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حمل کی اسکیاننگ  کرکے جنس (لڑکا یا لڑکی)بتانا قابل سزا جرم ہے۔   ضلع میں   لڑکیوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے۔اس وقت 1000  لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کا تناسب956ہے،  جو ایک خطرے کی گھنٹی ہے۔    ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی والے اچانک کسی بھی اسکیاننگ سینٹرکا معائنہ کرسکتے ہیں۔جو سینٹر جنین کی جنس جانچ کرنے کے  مرتکب پائے جائیں گے ان کے لئے  تین سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ اس لئے اسکیاننگ سینٹروں کو سرکاری ہدایات کے مطابق ہی کام کرنا ہوگا۔‘‘

اس میٹنگ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر سدھیر چندرا سوڈا، ڈسٹرکٹ فیملی ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر راما راؤ، ڈسٹرکٹ ملیریا کنٹرولر پرشانت بھٹ، ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر مدھوسدن نائیک، گورنمنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر سبرامنیا شریگار اور دوسرے افسران موجود تھے۔


Share: