ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : طالبات  کے ساتھ ناشائستہ حرکت کرنے والا پرائیویٹ بس کنڈکٹر گرفتار۔۔۔۔ (ساحلی کینرا کی مزید کرائم رپورٹس)

اڈپی : طالبات  کے ساتھ ناشائستہ حرکت کرنے والا پرائیویٹ بس کنڈکٹر گرفتار۔۔۔۔ (ساحلی کینرا کی مزید کرائم رپورٹس)

Sat, 13 Nov 2021 13:06:04    S.O. News Service

اڈپی ،13؍ نومبر (ایس او نیوز) ایک پرائیویٹ بس میں سفر کررہی طالبات کے ساتھ  ناشائستہ حرکتیں کرنے کے الزام میں پولیس نے  بس کنڈکٹر کو گرفتار کرلیا جس کا نام اوپیندرا عرف اوما شنکر ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ بس میں سفر کرنے والی نرسنگ طالبات کے ساتھ اکثر ناشائستہ حرکتیں کیا کرتا تھا ۔ کل بس میں موجود نرسنگ کالج کی ٹیچرس نے طالبات کے ساتھ کی جارہی حرکتیں دیکھنے کے بعد اسے پکڑ لیا اور مقامی لوگوں نے اس کی اچھی طرح دھلائی کردی ۔

نرسنگ کالج ہاسٹل منیجمنٹ کی طرف سے شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے اوما شنکر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔

 

بیلتنگڈی : 3 چور گرفتار ۔ برآمد ہوا 13.75 لاکھ روپے مالیت کا مسرقہ مال

بیلتنگڈی، 13؍ نومبر (ایس او نیوز) اندابیٹو گاوں میں 31 اکتوبر کو پیش آئی چوری کی واردات کے سلسلے میں پولیس نے 3 ملزمین کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت محمد صالح (26 سال)، یحییٰ (32 سال)، نوفل (27 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کے قبضے سے ایک آلٹو کار، ایک موٹر بائک، چار موبائل فون، 320 گرام وزنی سونے کے زیورات اور نقد 1,230 روپے برآمد کیے گئے ۔ ضبط شدہ مسروقہ مال کی مجموعی مالیت کا اندازہ 13,75,930 روپے لگایا گیا ہے ۔

گرفتاری کے بعد پولیس نے ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔

 

کڈبا : نابالغ  لڑکی کی مسلسل عصمت ریزی اور حمل کا سبب بننے والا رشتہ دار گرفتار 

 

کڈبا،13؍نومبر (ایس او نیوز) نابالغ لڑکی کے ساتھ مسلسل عصمت ریزی کرنے اور اسے حاملہ بنانے کے الزام میں پولیس نے لڑکی کے رشتہ دار کو پوکسو کے تحت گرفتار کرلیا ۔

گرفتار ملزم کا نام رمیش بتایا جاتا ہے جو کہ لڑکی کا رشتہ دار اور کوڈیمبالا گاوں کا رہنے والا ہے ۔ اس پر الزام ہے کہ گزشتہ 18 مہینوں نے وہ مذکورہ لڑکی کو اپنی جنسی تسکین کے لئے استعمال کیا کرتا تھا ۔ اس دوران جب لڑکی کو حمل قرار پایا تو اس نے دھمکی دی تھی کہ یہ بات کسی کو بھی نہ بتائے ۔

لیکن لڑکی کی طبعیت کچھ خراب ہوئی تو اس کی نانی اسے علاج کے لئے  کڈبا کمیونٹی ہاسپٹل لے گئی جہاں پر معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ حاملہ ہے ۔ پھر اس کو مزید تفصیلی جانچ کے لئے لیڈی گوشن ہاسپٹل بھیجا گیا جہاں پر اس کے پیٹ میں ڈیڑھ مہینہ کا حمل موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی ۔

لڑکی کی طرف سے پولیس میں شکایت درج کیے جانے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

 

منگلورو : کار میں پائی گئی 44 سالہ شخص کی لاش

منگلورو،13؍ نومبر (ایس او نیوز) کنکن ناڈی سرکل کے پاس کھڑی  کار میں ایک شخص کی لاش پڑی ہوئی ملی جس کی شناخت پرشانت کوٹاری (44 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔

منا گڈے کے رہنے والے پرشانت کی موت کس طرح واقع ہوئی اس بارے میں تا حال کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کل رات سے یہ کار کنکن ناڈی میں پارک کی ہوئی تھی اور آج دوپہر تک بھی وہیں کھڑی نظر آئی ۔ شک پیدا ہونے پر لوگوں نے جب کھڑکی کے ذریعے اندر جھانک کر دیکھا تو وہاں پرشانت لیٹا ہوا نظر آیا ۔

کنکن ناڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور لاش اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ۔


Share: