بھٹکل 14 ڈسمبر (ایس او نیوز) پڑوسی ضلع اڈپی کے سنتے کٹے نیشنل ہائی وے پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں بھٹکل کا ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی محمد توفیق محمد صادق میراں (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ میں بھٹکل آئیس فیکٹری کے قریب رہنے والے محمد نذیر (35) شدید زخمی ہوئے ہیں، جسے منی پال اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب توفیق اپنے ایک دوست نذیر کے ساتھ مچھلی سے بھری ٹرک کو کیرالہ کے کالی کٹ میں خالی کرنے کے بعد واپس بھٹکل آرہا تھا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب قریب دو بجے اڈپی کے سنتے کٹہ میں اس کی ٹرک ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرک کے اگلے حصے کے پرخچے اڑ گئے اور ٹرک پر موجود توفیق اور نذیر بری طرح زخمی ہوگئے۔ دونوں کو فوری طور پر اڈپی سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں پہنچنے کے بعد توفیق نے دم توڑ دیا۔ نذیر کے ہاتھوں اور پیروں کو چوٹیں آئی ہیں اور اسے منی پال اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔ نذیر بھی شدید زخمی ہوا ہے، مگر وہ خطرہ سے باہر بتایا گیا ہے۔
گھر والوں نے بتایا کہ ممبئی سے مچھلیوں سے بھرا لوڈ نذیر بھٹکل لے کر آیا تھا جس کے بعد توفیق بھی اس کے ساتھ کیرالہ کے لئے روانہ ہوگیا تھا۔ دونوں سنیچر کو بھٹکل سے نکلے تھے۔ کالی کٹ میں لوڈ خالی کرکے واپس آنے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ توفیق کی تین سال پہلے ہی شادی ہوئی تھی، وہ بھٹکل میں اکثر رکشہ چلایا کرتا تھا، کبھی کبھار مچھلیوں کی گاڑی لے کر کیرالہ بھی جایا کرتا تھا۔
توفیق کی میت اڈپی سرکاری اسپتال میں ہے، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد منگل شام پانچ بجے تک بھٹکل لے کر آنے کی توقع ہے۔
اڈپی پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے۔