نئی دہلی، 24؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی)وزارت صحت کی تنظیم INSACOGکے تازہ ترین بلیٹن نے ماہرین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے- تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا کا اومیکرون ویری ینٹ اپنے کمیونٹی پھیلاؤ کے مرحلے پر پہنچ گیا ہے، یہ پہلے ہی کئی میٹرو میں ہو چکا ہے جس کی وجہ سے کورونا معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں -
یہ بھی کہا گیا ہے کہ اومیکرون کے نئے ویری ینٹ BA.2کے کئی کیس بھی ملک بھر میں پائے گئے ہیں -INSACOGنے یہ بھی کہا کہ اب تک اومیکرون کے کیس غیر علامتی یا ہلکے تھے، لیکن موجودہ لہر میں ہسپتال میں داخل ہونے اورICUکی ضرورت کے کیس بڑھ رہے ہیں - اس کے علاوہ ایک نئی قسم B.1.640.2 کو قریب سے مانیٹر کرنے کیلئے کہا گیا ہے، ابھی تک اس کے تیزی سے پھیلنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے-
خیال رہے کہ ہندوستان میں اس کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے-تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی اور ممبئی جیسے شہروں میں کمیونٹی اسپریڈ ہوگیا ہے، اور یہاں تیزی سے کیس سامنے آنے کا خدشہ ہے-