لکھنؤ11اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش میں اناؤ ضلع کی بانگرمؤ اسمبلی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبراسمبلی کلدیپ سنگھ سینگرپرلگے آبروریزی کے الزام کے درمیان ان کی بیوی سنگیتا سینگر نے بدھ کی صبح صوبہ کے پولیس ڈائریکٹرجنرل(ڈی جی پی)اوم پرکاش سنگھ سے ملاقات کی۔ ڈی جی پی سے ملنے کے بعدسنگیتانے کہاہے کہ ان کے شوہرکو جھوٹے کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔ یہ سب ایک سازش کے تحت کیاجارہاہے۔اس کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جانی چاہیے۔ وہیں متاثرہ نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے انصاف دلانے کامطالبہ کیاہے۔جبکہ ایم ایل اے کی بیوی نے متاثرہ کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس کا نارکو ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیاہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے حکومت نے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے۔ ایس آئی ٹی بدھ کی شام تک اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سونپے گی۔ اضافی ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) لکھنؤ راجیو کرشنا کی قیادت میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی)کیس کی تحقیقات کے لیے بدھ کو آبروریزی کی متاثرہ کے گھر پہنچی، ایس آئی ٹی کی ٹیم نے یہاں کئی لوگوں سے گفتگو کی ۔ واضح ہو کہ اناؤ میں اجتماعی آبروریزی اور متاثرہ کے والد کی موت کے معاملے میں اب تک پانچ ملزم گرفتار ہو چکے ہیں۔ پولیس نے رکن اسمبلی کے بھائی اتل سنگھ سینگر کو بھی منگل کو گرفتار کیا تھا ۔