نئی دہلی،10؍اگست (ایس او نیوز؍یو این آئی) دہلی کی ایک عدالت نے بی جے پی سے برطرف ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کے خلاف اناؤ عصمت دری معاملے میں جمعہ کو فرد جرم عائد کیا۔ضلع اور سیشن جج دھرمیش شرما نے سینگر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی(مجرمانہ سازش) 376(عصمت دری) 363(اغوا) اور پوکسو کے سیکشن تین اور چار کے تحت الزامات عائد کئے۔عدالت نے سینگر کے ساتھی ششی سنگھ کے خلاف بھی نابالغ لڑکی کے اغوا سے متعلق الزامات عائد کئے۔سپریم کورٹ نے حال ہی میں اس معاملے کو دہلی منتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے مدنظر یہاں تیس ہزار ی کورٹ میں اس معاملے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہورہی ہے۔خیال رہے کہ17/سالہ لڑکی کے ساتھ چار جون 2017کو سینگر نے اپنی رہائش گاہ پر عصمت دری کی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت سرخیوں میں آیا جب متاثرہ اور اس کی والدہ نے وزیر اعلیٰ آدیتیہ ناتھ کی رہائش گاہ کے باہر خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی۔ متاثرہ کے والد کے خلاف تین اپریل 2018کو اسلحہ قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا اورپولیس حراست میں بہت زیادہ پٹائی کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی تھی۔متاثرہ اپنی چچی، خالہ اور وکیل کے ساتھ 28جولائی کو اپنے چچا سے ملاقات کے لئے رائے بریلی گئی تھی جہاں سے لوٹتے وقت اس کی کار کو ایک ٹرک سے ٹکر مارد ی گئی۔ اس حادثے میں متاثرہ کی چچی اور خالہ کی موت ہوگئی اور متاثرہ اور اس کے وکیل زخمی ہوگئے۔ دونوں کو سپریم کورٹ کی ہدایت پر لکھنؤ سے یہاں لا کر ایمس میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک ہے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کو دہلی منتقل کرنے کے ساتھ ہی اس کی سماعت روزانہ کرکے 45دن میں فیصلہ سنانے کا حکم دیا ہے۔