بنگلورو/نئی دہلی18/اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی)ریاستی وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے آج شام دہلی میں مرکزی وزیر برائے داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ امیت شاہ نے آخر کار ریاستی کابینہ میں پہلے مرحلہ کی توسیع کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 11تا13وزراء کو کابینہ میں شامل کیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق امیت شاہ سے ملاقات کیلئے ایڈی یورپا کو ایک گھنٹہ انتظار کرنا پڑا۔وزیراعلیٰ نے کابینہ میں توسیع کے لئے امیت شاہ سے جو پارٹی کے قومی صدر بھی ہیں منظوری حاصل کرلی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پہلے مرحلہ میں کن کن کو شامل کیاجارہاہے، ان ناموں کی فہرست بھی ایڈی یورپا نے امیت شاہ کے حوالہ کردی ہے۔ ان لیجس لیٹرس کو کس وجہ سے شامل کیاجارہاہے۔اس سے بھی امیت شاہ کو آگاہ کیاگیاہے۔ امیت شاہ متوقع وزراء کی فہرست پر کل اتوار شام تک منظوری دیں گے۔ بروز منگل نئے وزراء کو عہدہ کی راز داری کا حلف دلائے جانے کی توقع ہے۔ اس سے قبل آج صبح کرناٹک بھون میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایڈی یورپا نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے لئے تاریخ طے کی گئی ہے۔ منگل کے دن ریاستی گورنر نئے وزراء کو حلف دلائیں گے۔ ریاست کرناٹک میں سیلاب سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کانگریس لیڈر اس پر غیر ضروری سیاست کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کو سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ راحتی کاموں کے لئے فوری امداد جاری کرنے کا انہوں نے تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خود وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر فائنانس نرملا سیتارامن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیکر رپورٹ وزیراعظم کو دی ہے۔ ایڈی یورپا نے بتایا کہ مرکزی انٹلی جنس سے یہ خبر ملی ہے کہ ریاست کرناٹک کے چند اہم مقامات کو جن میں بنگلور بھی شامل ہے، دہشت گرد نشانہ بناسکتے ہیں۔اس لئے ریاست میں ہائی الرٹ کا اعلان اور سکیورٹی کا معقول بندوبست کیاگیاہے۔