نئی دہلی،27/نومبر(ایس او نیوز/یو این آئی) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے سینئر لیڈر اتل کمار انجان نے مہاراشٹر کے واقعہ کو اخلاقی قدروں کی جیت قرار دیتے ہوئے وزیرداخلہ امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا -انجان نے منگل کو مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس اور ڈپٹی وزیراعلیٰ اجیت پوار کے استعفیٰ کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ اب یہ صاف ہوگیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کو مرکز کی حکومت نے وزیراعظم کے اشارے پر امیت کے وزارت داخلہ سے سازباز کے بعد مہاراشٹر کے گورنر کے عہدے کا غلط استعمال کرکے غیر اخلاقی اور غیر جمہوری طریقے سے فڈنویس اورپوار کو کرسی پر بٹھایا تھا- پوار کے پہلے اور ان کے بعد فڈنویس کے گورنر کو اپنے استعفے سونپ دینے کے بعد غیر اخلاقی اور غیر جمہوری سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے - سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے کہا ہے کہ بی جے پی اور وزیراعظم ملک میں اخلاقیات کی بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن مہاراشٹر کے واقعہ کے بعد ان کا سچ سب کے سامنے آگیاہے - ان کے اوش میگھ کا گھوڑا مہاراشٹر میں لہولہان ہوکر آزاد میدان میں گرپڑا ہے - گورنر کالی ٹوپی لگا کر ترچھی نظر سے آئین کے قتل کرنے کی کوشش کررہے تھے - انہیں شکست ملی ہے اور سپریم کورٹ نے ہندوستان کے آئین اور ایس آر بومئی کے معاملے میں دیئے گئے فیصلے کی لاج رکھ لی-انجان نے کہا کہ اس پورے معاملے میں سیاہ پردے کے پس پردہ وزیرداخلہ امیت شاہ نے کھیل کھیلا اور شکست کا منھ دیکھا، اب انہیں فوری طور سے وزیرداخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے -