ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکا: کیواناح کے خلاف مظاہرے، سینکڑوں افراد گرفتار

امریکا: کیواناح کے خلاف مظاہرے، سینکڑوں افراد گرفتار

Sat, 06 Oct 2018 11:20:16    S.O. News Service

واشنگٹن6؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) امریکی سینیٹ میں آج بروزجمعہ بریٹ کیواناح کی سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کے لیے ووٹنگ کی جا رہی ہے۔ جنسی الزامات کے شکارکیواناح کے خلاف واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بریٹ کیواناح کے خلاف ہوئے مظاہروں کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مجموعی طور پر تین سو دو افراد حراست میں لیے گئے، جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔قبل ازیں حکمران جماعت ری پبلکن پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ ایف بی آئی کی طرف سے کی گئی انکوائری میں بریٹ کیواناح کو جنسی نوعیت کے الزامات سے بری قرار دے دیا گیا ہے۔ تاہم اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ ان الزامات کی صرف پانچ روزہ چھان بین ایک ’نامکمل‘ عمل ہے، کیونکہ یہ صرف وائٹ ہاؤس تک ہی محدود رکھی گئی تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نامزد کردہ جج بریٹ کیواناح کی سپریم کورٹ میں تعیناتی اس وقت امریکا بھر میں ایک تنازعے کا باعث بن گئی تھی جب ایک خاتون نے ان پر جنسی حملے کا الزام عائدکیاتھا۔ اب تک کم از کم دو خواتین کہہ چکی ہیں کہ ماضی میں کیواناح نے انہیں جنسی حملے کا نشانہ بنایاتھا۔مبصرین کے مطابق کیواناح سپریم کورٹ میں بطور جج اپنی تقرری کے حوالے سے امریکی سینیٹ سے اکثریتی حمایت حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ بات یقینی اس لیے نہیں کہ متعدد سینیٹرز تاحال یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ آیا وہ کیواناح کی حمایت کریں گے۔ متوقع طور پر ہفتے کے دن تک سینیٹ اس تناظر میں اپنا حتمی فیصلہ سنا دے گی۔ امریکی سپریم کورٹ میں کسی بھی جج کی تعیناتی تاحیات ہوتی ہے۔اگر 53 سالہ کیواناح سپریم کورٹ کے جج متعین کر دیے گئے تو ری پبلکن پارٹی کے نامزد کردہ کیواناح کئی اہم معاملات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پارٹی کے لیے فائدے مند ثابت ہو سکیں گے۔امریکا کی اس اعلیٰ ترین عدالت کے نو رکنی پینل میں شامل جج اسقاط حمل، گن کنٹرول اور انتخابی قوانین کے علاوہ کئی دیگر بہت اہم اور حساس معاملات میں حتمی رائے دینے کا اختیار رکھتے ہیں۔


Share: