امیٹھی،12؍اپریل(ایس او نیوز؍یواین آئی) مرکزی وزیر و بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی نے جمعرات کو امیٹھی پارلیمانی حلقے سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔یہاں سے کانگریس صدرر اہل گاندھی انتخابی میدان میں ہیں۔ امیٹھی میں پانچویں مرحلے کے تحت 6مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔پرچہ نامزدگی سے قبل اسمرتی نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ راہل گاندھی کے کل کے روڈ شو کے جواب میں گوری گنج سے ایک روڈ شو کیا۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں راہل گاندھی نے ایرانی کو تقریباً ایک لاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔گذشتہ کئی دنوں سے امیٹھی میں انتخابی مہم چلانے والی ایرانی نے کانگریس صدر راہل گاندھی پر 2004سے ہی امیٹھی کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ اس بار وہ کیرلا کے وائناڈ سے بھی انتخابی میدان میں ہیں اور باوثوق ذرائع کی مانیں تو الیکشن جیتنے کے بعد وہ وائناڈ کا ہی رخ کریں گے ۔نریندر مودی کے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر دوبارہ اقتدا میں آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایرانی نے کہا کہ 2014 میں میرے ہار جانے کے باوجود بھی میں نے امیٹھی عوام سے انسیت کے سبب حلقے کی فلاح و بہبود کے لئے کافی کام کیا ہے ۔