نئی دہلی ،30؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی خلائی تحقیق کی تنظیم اسرو کے ذریعے ملک کا پہلا انسانی خلائی مشن 2022تک خلا میں بھیجا جائیگا۔ وزیراعظم نے یوم آزادی کی اپنی تقریر کے دوران گگن یان یعنی ہندوستان کے پہلے انسانی اسپیس فلائٹ پروگرام کو خلا میں بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اسرو نے خلاء میں بھیجنے کے لئے پہلا انسانی مشن ملک کی سائنسی ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے۔
اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر کے سیوم نے بتایا کہ اسرو کے پاس اس اہم مشن کو پورا کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ روس اور چین کے بعد انسانی خلائی مشن لانچ کرنے والا ہندوستان دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔ گگن یان کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سیوم نے کہا کہ اس مشن کا مقصد 5سے 7دن کے لئے تین رکنی عملے کو خلا میں بھیجنا ہے۔