نئی دہلی،31؍اگست (ایس او نیوز؍یو این آئی) سرکاری بینکوں کو مضبوط بنانے کی سمت میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے دس بینکوں کا انضمام کرکے چار بڑے بینک بنانے کا آج اعلان کیا جس کے بعد ملک میں سرکاری بینکوں کی تعداد گھٹ کر بارہ رہ جائے گی۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ اورینٹل بینک آف کامرس اور یونائیٹیڈ بینک کا پنجاب نیشنل بینک میں انضمام کیا جائے گا۔ اسی طرح کینرا بینک میں سینڈیکیٹ بینک کا انضمام اور الہ آباد بینک کا انڈین بینک میں انضمام کیا جائے گا۔ یونین بینک کے ساتھ آندھرا بینک اور کارپوریشن بینک کا انضمام ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ انضمام کے اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد ملک میں سرکاری بینکوں کی تعداد گھٹ کر 12 رہ جائے گی۔ سال 2017 میں ملک میں 27سرکاری بینک تھے۔ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ انضمام کے باوجود بینک ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سال 2017 میں مودی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں اس کے پانچ ملحقہ بینکوں کا انضمام کیا تھا۔ اس کے بعد وجیہ بینک اور دینا بینک کا بینک آف بڑودا میں انضمام کیا گیا تھا۔
وزیر خزانہ نرمالا سیتارمن نے کہا کہ NBFC کمپنیوں کے لئے جزوی قرض گاڑنیٹی اسکیم لاگو 3300 کروڑ روپئے کی سرمایہ حمایت دی گئی ہے، اور 30000 کروڑ روپے دینے کی تیاری ہے۔ بینکوں کے تجارتی فیصلوں میں حکومت کا کوئی دخل نہیں ہے۔ نیرو مودی جیسے فراڈ روکنے کیلئے سوئفٹ پیغامات کو کور بینکنگ نظام سے شامل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر کے بینکوں کا کل پھنسا قرض (ای پی اے ) دسمبر 2018 کے آخر میں 8.65 لاکھ کروڑ روپے سے گھٹ کر 7.9 لاکھ کروڑ روپے رہ گیا ہے۔ پبلک سیکٹر کے بینکوں کو بہتر فائدہ نظر آنے لگا ہے، کیونکہ 20-2019 کی پہلی سہ ماہی میں ان میں 14 بینکوں نے منافع درج کیا ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے بینکوں میں نئے انضمام کی بات کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بینکوں سے قرض دینے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔ پنجاب نیشنل بینک ،اورینٹل بینک آف کامرس اور یونائیٹڈ بینک کے انضمام سے یہ ملک کا دوسرا سب بڑابینک بنے گا۔
پی این بی ، اورینٹل بینک آف کامرس اور یونائیٹڈ بینک کے انضمام سے بننے والے بینک کے پاس 17.95 لاکھ کروڑ وپئے کا کاروبار ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کینرا بینک اور سنڈیکیٹ بینک کا انضمام ہوگا اور اس سے 15.20 لاکھ کروڑ روپئے کے کاروبار کے ساتھ یہ چوتھا سب سے بڑا عوامی شعبہ کا بینک بنے گا۔
وہیں یونین بینک، آندھرا بینک ، کارپوریشن بینک کے انضمام سے یہ ملک کا 5و اں بڑا عوامی شعبہ کا بینک بنے گا۔ اس کا کل کاروبار 14.59 لاکھ کروڑ روپے کا ہوگا، جبکہ دوسری طرف، انڈین بینک اور الہ آباد بینک کے انضمام سے 8.08 لاکھ کروڑ روپے کے کاروبار کے ساتھ یہ عوامی شعبہ کے 7واں بڑا بینک بن جائے گا۔