ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اب آسام حکومت نے نیشنل پارک سے راجیو گاندھی کا نام ہٹایا

اب آسام حکومت نے نیشنل پارک سے راجیو گاندھی کا نام ہٹایا

Thu, 02 Sep 2021 11:24:09    S.O. News Service

گوہاٹی،2؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آسام حکومت نے ریاست میں واقع راجیو گاندھی اورانگ نیشنل پارک کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ لیا ہے، جس کے بعد اس پارک کو اورانگ نیشنل پارک کے نام سے جانا جائے گا۔ ہیمنت بسوا سرما کی حکومت کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ چائے قبیلہ سمیت دیگر قبائلیوں کے مطالبہ پر کیا ہے۔

آسام حکومت کے ترجمان اور آبی وسائل کے وزیر پیوش ہزارکا نے اس فیصلہ کی اطلاع دی۔ 79.28 مربع کلو میٹر کے دائرے میں پھیلے اس پارک کو 1985 میں وائلڈ لائف سنچری اور 1999 میں نیشنل پارک کا درجہ فراہم کیا گیا تھا۔ برہم پتر ندی کے شمالی ساحل پر واقع اس پارک کو رائل بنگال ٹائیگر، انڈین رائینو، پگمی ہاگ اور جنگلی ہاتھیوں کے لئے جانا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ مرکز کی مودی حکومت اور یوپی کی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت سمیت بی جے پی کی حکومتوں پر اکثر یہ الزام عائد ہوتا ہے کہ وہ تاریخی شخصیات کے نام شہروں، عمارتوں اور دیگر مقامات سے ہٹاتی ہیں لیکن اپنی طرف سے کوئی نئی چیز تعمیر نہیں کرتیں۔

حال ہی میں مودی حکومت نے کھیلوں کے سب سے بڑے اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کا نام بھی تبدیل کر دیا تھا۔ اب اس ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ ہو گیا ہے۔ اس پر بھی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر حکومت کو میجر دھیان چند کا احترام کرنا تھا تو اسے کوئی نیا ایوارڈ متعارف کرانا چاہیئے تھا۔ جبکہ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ مودی حکومت ایوارڈ کے نام سے تو راجیو گاندھی کا نام ہٹا سکتی ہے لیکن لوگوں کے دلوں سے اس نام کو کس طرح مٹا پائے گی!


Share: