ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  کرناٹک: اردو کو دوسری سرکاری زبان کادرجہ دینے اورریاستی اردو اکادمی کی تشکیل کا مطالبہ

 کرناٹک: اردو کو دوسری سرکاری زبان کادرجہ دینے اورریاستی اردو اکادمی کی تشکیل کا مطالبہ

Sun, 03 Jan 2021 20:19:44    S.O. News Service

گلبرگہ،3/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کی مجلسِ عام کا اجلاس بتاریخ 27 /ڈسمبر 2020 بروز اتوار گیارہ بجے دن بہ مقام خواجہ بندہ نوازایوانِ اردو انجمن کمپلیکس زیر صدارت جناب امجد جاوید صدرِ انجمن منعقد ہوا۔

اس اجلاس سے ممتاز ادیب ونقاد بانی معتمد انجمن ترقی اردو ہند گلبرگہ ڈاکٹر وہاب عندلیب نے خطاب کرتے ہوئے حالات حاضرہ کے تناظر میں کہا کہ ایسے افراد سے اجتناب ضروری ہے، جنھیں اردو اور انجمن کے کاز سے زیادہ کرسی، مائک اور کیمرہ عزیز ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اراکین انجمن کا فرض ہے کہ وہ متفقہ طورپر ایسے اراکین کو منتخب کریں، جنھیں اردو انجمن کے کاز سے دلچسپی ہو۔

انھوں نے مزید کہا کہ اراکین متحد ہو کے بے لوث افراد کا انتخاب کریں،جن میں سینئر اراکن کے ساتھ ساتھ نئے اراکین بھی شامل ہوں۔ انھوں نے موجودہ مجلسِ عاملہ کے سرگرم اراکین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک انجمن کی سرگرمیوں کا تعلق ہے مجلسِ عاملہ کو اپنے ہی بعض اراکین سے خاطر خواہ تعاون حاصل نہ ہوسکا با وجود اس کے جو کچھ سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں وہ لائق ستائش وتحسین ہیں۔ یوں بھی انجمن کی موجودہ مجلسِ عاملہ کی معیاد ختم ہوا چاہتی ہے آئندہ انتخابات اندرون سہ ماہ منعقد ہونے چاہیے۔

صدرِ انجمن وصدرِ اجلاس جناب امجد جاوید نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج کے اجلاس عام میں موجود اراکین نے اپنی شرکت سے اجلاس کو بے حد اہم بنا دیا۔ انھوں نے اپنی سہ سالہ معیاد میں انجام پائی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا چنداراکین کے عدم تعاون کے باوجود معتمد انجمن ڈاکٹر ماجدداغی نے جو کام کیا ہے وہ لائق ستائش ہے۔ انھوں نے تمام عہدہ داران و اراکین عاملہ کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون سے بہتر کام انجام پا سکے۔

انھوں نے مزید کہا کہ انجمن اختلافِ رائے کو مستحسن نظر سے دیکھتی ہے اختلافِ رائے کسی بھی تنظیم کے استحکام کے لئے بہت ضروری ہے ڈاکٹر رفیق رہبر کی قراتِ کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ جناب خواجہ پاشاہ انعامدار معتمدِ تنظیمی نے ابتدائی کلمات پیش کے اور خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر محمد افتخارالدین اختر شریک معتمد نے 25 /ڈسمبر 2017 کو منعقدہ اجلاس عام کی روئیداد پیش کی جس کی اجلاس نے تو ثیق کی۔ 


Share: