دشابے/ نئی دہلی،15/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ دہشت گردی ایشیا میں لوگوں کے لئے سب سے سنگین خطرہ ہے۔ ساتھ ہی دہشت گردی سے متاثرین کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ نئے وزیر خارجہ جے شنکرپانچویں سی آئی سی اے کانفرنس کے لئے جمعہ کو یہاں پہنچے۔ تاجکستان کے دارالحکومت میں منعقد پانچویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکرنے کہا کہ سی آئی سی اے کے رکن ملک دہشت گردی کے شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سب سے سنگین خطرہ ہے جس کا ہم ایشیا میں سامنا کر رہے ہیں۔ سی آئی سی اے رکن ملک اس کے شکار ہیں اور اس وجہ سے یہ واضح ہونا چاہئے کہ دہشت گردانہ حرکتوں سے متاثرین کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جائے۔ غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمہوریہئ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کو حوصلہ افزائی اور مدد دینے والے اور فنڈمہیا کرنے والے ممالک کی تنقید کی تھی۔ انہوں نے پاکستان کو بالواسطہ طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے ممالک کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ سی آئی سی اے ایک آل ایشیا پلیٹ فارم ہے جو ایشیا میں تعاون میں اضافہ اور امن، سیکورٹی اور استحکام کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ کانفرنس سے پہلے جے شنکر کا تاجکستان کے صدر امام الرحمن نے خیر مقدم کیا. وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کیا کہ ایک اہم وسطی ایشیائی شراکت دار وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا تاجکستان کے صدر نے سی آئی سی اے 2019 کانفرنس کے آغاز پر خیر مقدم کیا۔سی آئی سی اے لیڈر ایشیائی براعظم کے چیلنجوں سے نمٹنے کی اجتماعی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔