بھٹکل 18 مارچ (ایس او نیوز) ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر چلنے کی باتوں کے چلتے ہوئے حکومت کی طرف سے جاری گائیڈلائنس پر عمل کرتے ہوئے بھٹکل میں آج جمعرات کو جالی پٹن پنچایت کی طرف سے احتیاطی اقدامات کے طور پر ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کاروائی شروع کی گئی ۔
جالی کراس روڈ پر مسجد ھُدیٰ کے سامنے پنچایت کی طرف سے سواریوں کی جانچ کی گئی، ماسک نہ پہننے والے بائک سواروں سمیت آٹو رکشہ و دیگر سواریوں کو بھی روک کر اُن پر جرمانہ عائد کیا گیا، جن لوگوں کے پاس جرمانہ بھرنے کی رقم موجود نہیں تھی، اُن کا سویپ سیمپل لے کر کویڈ جانچ کے لئے روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جالی پٹن پنچایت کے چیف آفسر اجئے بھنڈارکر نے بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے عوام الناس میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ہم لوگ ماسک کی جانچ سمیت سماجی دوریاں رکھنے پر بھی زور دے رہے ہیں، ہمارا مقصد کورونا کی دوسری لہر کو روکنا ہے جس کے لئے ہم اپنی جانب سے احتیاطی اقدامات کررہے ہیں۔ ہمارا اگلا قدم اب جالی پٹن پنچایت کے مختلف علاقوں میں پہنچ کر جانچ کرنا ہے، جس کےدوران ہم ماسک کو لازمی قرار دے رہے ہیں،ا گر کوئی ماسک نہیں پہن رہا ہے تو ہم اُن پر جرمانہ بھی عائد کریں گے ساتھ ساتھ اُن کا سوئپ سیمپل لے کر کوویڈ ٹیسٹ کے لئے بھی روانہ کریں گے۔ ہم اب دکان در دکان بھی جائیں گے اور دکانداروں سے درخواست کریں گے کہ وہ اپنا کوویڈ ٹیسٹ کرائیں۔
اجئے بھنڈارکر نے بتایا کہ جن کی عمر 45 سے 59 سال کے درمیان ہے اور انہیں شوگر، بلڈ پریشر یا اس جیسی کوئی دوسری بیماری ہے تو اُن کے لئے سرکاری اسپتال میں مفت کوویڈ ویکسی نیشن کا انتظام کیا گیا ہے، انہوں نے ایسے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ پہلے اپنے فیملی ڈاکٹر سے رجوع کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ویکسی نیشن لے سکتے ہیں یا نہیں اگر ڈاکٹر ویکسی نیشن لینے کی اجازت دیتا ہے تو ہی وہ لوگ سرکاری اسپتال پہنچ کر مفت ویکسی نیشن لے سکتے ہیں، جس کےلئے سرکاری اسپتال میں خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح جن کی عمر 60 سال مکمل ہوچکی ہے، وہ بھی سرکاری اسپتال پہنچ کر کوویڈ سے تحفظ کے لئے ویکسی نیشن لے سکتے ہیں۔ ویکسی نیشن کے لئے جو بھی لوگ سرکاری اسپتال جائیں گے، اُن کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنا ایک پاسپورٹ سائز فوٹو اور اپنا شناختی کارڈ ساتھ لے کر جائیں۔ اجئے بھنڈارکر نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ جالی کو "کوویڈ سے نجات والی جالی "بنانے کے لئے حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ جالی روڈ پر ماسک کی چیکنگ کے دوران ہیلتھ آفسر انور احمد، ونائک، تعلقہ اسپتال کے ٹیکنیشن مریتیو جیو، اسسٹنٹ ایس آئی ونود، حوالدار مالتیش وغیرہ موجود تھے۔
یاد رہے کہ جالی پٹن پنچایت کے ساتھ ساتھ بھٹکل میونسپالٹی کی طرف سے بھی میونسپل حدود میں کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کے لئے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں اور میونسپالٹی عمارت کے باہر ماسک کی چیکنگ شروع کی گئی ہے۔ اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے میونسپل چیف آفسر دیوراج نے عوام الناس سے ماسک کو لازمی طور پر پہن کر گھروں سے باہر نکلنے پر زور دیا ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر میں داخل ہونے سے پہلے ماسک پہن کر ہی جانے کو لازمی قرار دیا۔ انہوں نے بھی عمر رسیدہ عوام سے کوویڈ ویکسی نیشن سرکاری اسپتال پہنچ کر مفت حاصل کرنے کی صلاح دی اور عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ سرکار کی طرف سے دی جارہی مفت ویکسی نیشن کا فائدہ اُٹھائیں اور کورونا سے حفاظت کو یقینی بنائیں۔