بنگلورو،12/جنوری (ایس او نیوز) نامور کنڑا اسکالر ڈاکٹر ایم چدانندا مورتی کا آج صبح یہاں بنگلور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا- چیمو کے نام سے مشہور مورتی نے آج علیٰ الصباح تقریباً3:45 بجے یہاں کے ایک نجی اسپتال میں آخری سانس لی- یہ خبراہل خانہ نے دی ہے- وہ 88برس کے تھے حال ہی میں مورتی کو سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں انہیں نمونیا بھی ہوگیا- ان کے پسماندگان میں بیوی، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں - ان کی لاش کو شہر میں ان کے مکان میں رکھا گیا ہے- جہاں سینکڑوں لوگوں نے ان کا آخری دیدار کیا اور انہیں تعزیت بھی پیش کی- ان کی آخری رسومات اتوار کے دن سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی- کنڑا کو کلاسیکل درجہ دلوانے میں مورتی کا اہم رول رہا، اس کے لئے انہوں نے کنڑا شکتی کیندرا کے ذریعہ ایک تحریک شروع کی تھی- سدارامیا کی قیادت والی ریاستی کانگریس حکومت نے سرکاری سطح پر ٹیپو سلطان جینتی منانے کا فیصلہ کیا تو مورتی نے اس کی سخت مخالفت کی تھی- مورتی کے انتقال پر تعزیت اداکرنے والوں میں وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا، کانگریس لیڈر سدارامیا، جے ڈی ایس لیڈر کمار سوامی بھی شامل ہیں - ہمیں یادگاروں اور کنڑا زبان کے تحفظ کے لئے مورتی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں جب ایم ایل سی بنانے کی پیش کش کی گئی تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے اس پیش کش کو ٹھکرا دیا کہ وہ اس ضعف العمری میں یہ ذمہ داری نہیں لے سکتے- وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان کیا ہے کہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آخری رسومات ادا کی جائیں گی-