منگلورو26/نومبر (ایس او نیوز) میجر سواتی سرولّی دھارواڑ کر کی قیادت میں ملٹری انٹلی جنس یونٹ اور سٹی نارتھ ڈیویژن کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی قیادت میں مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے سورتکل سے منجو ناتھ ریڈی نامی ایک شخص کو گرفتار کرلیاجس نے اپنے آپ کو فوجی افسرکے طور پر متعارف کررکھا تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق منجو ناتھ ریڈی اپنے آپ کوانڈین آرمی کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر بتارہاتھا۔سورتکل میں واقع منجوناتھ کے گھر پر چھاپہ ماری کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران آرمی یونیفارم، ربر اسٹامپ، شناختی کارڈ اور آرمی سے متعلقہ دوسری اشیاء بر آمد ہوئی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے آرمی کا یونیفارم اور دیگر مخصوص اشیاء اس وقت خریدی تھی جب وہ مراٹھا لائٹ انفنٹری ریجیمنٹ سینٹر بیلگاوی میں سوِل ملازم کے طور پر کام کررہا تھا۔ پھر اس نے آرمی آفیسر کا بہروپ بناکر بہت سے عوامی اور فلاحی پروگرام منعقد کیے جس میں وظیفہ یاب فوجیوں کے لئے تہنیتی اور شہید فوجیوں کے خاندانوں کے لئے امدادی پروگرام بھی شامل ہیں۔ اس طرح اس نے عوام کے اندر اپنے تعلق سے اچھا اعتماد پید ا کرلیا۔پھر اس کے بعد منجوناتھ نے لوگوں سے فوج میں ملازمت دلانے کے نام پر رقم اینٹھنا شروع کیا۔معلوم ہو اہے کہ اس طرح کے جھوٹے وعدوں سے اس نے لاکھوں روپے وصول کیے ہیں۔ آرمی انٹلی جنس یونٹ او رپولیس کو شبہ ہے کہ منجو ناتھ ایک بڑے ریکیٹ کا حصہ ہوسکتا ہے جس کی پشت پر انڈین آرمی کے کچھ افسران بھی ہوسکتے ہیں۔ سورتکل پولیس اسٹیشن میں ملزم کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔
اس کے علاوہ آرمی انٹلی جنس یونٹ نے عوام کو باخبر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ایجنٹ یا کوئی فوجی آفیسر اپنے طور پر کسی کو براہ راست فوج میں داخل نہیں کرواسکتا۔ اور فوج میں داخلے کے لئے کوئی آفیسر رقم بھی وصول نہیں کرسکتا۔ جس کسی کو بھی فوج میں داخل ہونے میں دلچسپی ہووہ فوج کے ویب سائٹ www.joinindianarmy.gov.inپر خود ہی اپنے آپ کو آن لائن رجسٹر کرسکتے ہیں۔