ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی کابینہ کی پہلے مرحلہ کی توسیع

ریاستی کابینہ کی پہلے مرحلہ کی توسیع

Wed, 06 Jun 2018 11:08:07    S.O. News Service

بنگلورو،5؍جون(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت والی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کی کابینہ میں پہلے مرحلہ کی توسیع  چہارشنبہ کے دن دوپہر 2؍بجے کی جائے گی۔ ریاستی گورنر واجوبھائی رودا بھائی والا نئے وزراء کو راز داری کا حلف دلائیں گے۔ کابینہ میں شامل کئے جانے والے ارکان کی تعداد اور ان کے ناموں سے متعلق دونوں پارٹیوں نے ابھی باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔ تاہم دونوں پارٹیوں کے درمیان ہوئے معاہدہ کے تحت کانگریس کے 22 اور جے ڈی ایس کے 12؍وزیر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کمار سوامی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران اشارہ دیا ہے کہ چند سیاسی وجوہات کے پیش نظر چند قلمدانوں کو محفوظ رکھا جائے گا۔ لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایاکہ پہلے مرحلہ میں جے ڈی ایس کے کتنے وزراء کو شامل کیاجائے گا۔ اطلاع ملی ہے کہ جے ڈی ایس کے سربراہ دیوے گوڈا اور کمار سوامی بنگلور میں جہاں اپنی پارٹی سے کابینہ کی فہرست کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں وہیں ریاستی کانگریس لیڈر نئی دہلی میں نئے وزراء کی فہرست کو حتمی شکل دینے میں کانگریس صدر راہل گاندھی کے ساتھ تبادلہ خیال میں مصروف ہیں۔ کل کابینہ میں شامل ہونے والے جے ڈی ایس کے ممکنہ وزراء میں جی ٹی دیوے گوڈا، ڈی سی تمنا، وینکٹ راؤ، ایس آر سرینواس، ایچ ڈی ریونا، بنڈپا قاسم پور، ایچ کے کمار سوامی، این مہیش اور کانگریس سے ممکنہ وزراء آر روشن بیگ، یوٹی قادر، کے جے جارج، بی زیڈ ضمیر احمدخان یا تنویرسیٹھ، رام لنگا ریڈی، ڈی کے شیوکمار، آر وی دیش پانڈے شامل ہیں۔ اطلاع ملی ہے کہ راہل گاندھی آج یوٹرن لیتے ہوئے پہلی بار منتخب ہونے والے لیجسلیٹرس کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کے لئے کہاہے۔ انہیں مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ اس کے باوجود رکن پارلیمان کے ایچ منی اپا کی بیٹی روپاششی دھر کے جی ایف حلقہ سے پہلی بار منتخب ہونے کے باوجود خواتین کوٹہ میں کابینہ میں شامل کی جاسکتی ہیں۔


Share: