ہاسن، 3؍نومبر(ایس او نیوز) کنڑاراجیہ اتسوا ضلعی کمیٹی کے زیرا ہتمام گذشتہ روز ڈسٹرکٹ اسٹیڈیم کے ہاکی میدان میں منعقدہ 66 ویں کنٹراراجیہ اتسوا تقریب میں ریاستی وزیر برائے آبکاری وضلع نگران کار کے گوپالیانے بھونیشوری دیوی کی تصویر پر پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد قومی پرچم لہرایااور پریڈ کی سلامی لی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریاستی سطح پر کنڑاراجیہ اتسوا ایوارڈ کیلئے منتخب ہوئے ضلع کے ایچ آر کستوری رنگن اور دیگر ایوار ڈ حاصل کرنے والے ضلع کی تمام عظیم شخصیتوں کو مبارک باد پیش کی اور کہاکہ آج کا دن ریاست کے باشندوں یعنی کنڑیگاس کیلئے تہوار کا دن ہے،کرناٹک کا قیام اسی دن عمل میں آیاتھا،علاقے کی ترقی اورحفاظت کیلئے ہمیں متحد ہوکر کام کرناہوگا۔اس کیلئے بھونیشوری دیوی اور ہاسنامبے سے پرارتھناکی جائے گی۔وزیر موصوف نے کہاکہ تحریک آزادی کے دوران ہی متحدہ کرناٹک کی تشکیل کی مانگ کرتے ہوئے آواز بلند کی گئی تھی۔1924میں بیلگام میں منعقدہ کانگریس اجلاس کے موقع پر سدپا کمبلی کی صدارت میں متحدہ کرناٹک کے بارے میں قرارداد پیش کی گئی تھی۔ہاسن ضلع سے تعلق رکھنے والے یشودھر داسپا،ہارنہلی رام سوامی،کے ایم ردرپا،گورو رام سوامی اینگر،سمپت اینگرنے متحدہ کرناٹک تحریک میں اہم کردار نبھایاہے۔اس موقع پر معذورین میں گاڑیاں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پردپٹی کمشنر آر گریش،ضلع پنچایت سی اسی او بی اے پرمیش، سٹی منسپل کونسل کے صدر موہن، اڈیشنل ڈپٹی کمشنرکویتا راجہ رام،اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی این نندنی، وزیر کے پرسنل سکریٹری کانت راج،سرکار ی ملازمین انجمن کے ضلعی صدر ای کرشنے گوڈا،اسسٹنٹ کمشنربی اے جگدیش،ضلع پنچایت چیف پلاننگ آفیسر ناگراج، مجاہد آزادی ایچ ایم شیونااور دیگر موجود تھے۔