سری نگر،23؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) جموں وکشمیر کے چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا نے ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے بعد پنچایتی انتخابات کے لئے باضابطہ شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
کابرا نے پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انتخابات17 نومبر سے11 دسمبر تک 4 ہزار 483 پنچایت حلقوں میں9 مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں یہ انتخابات10 سال کی مدت کے بعد منعقد کئے جارہے ہیں۔ یہ انتخابات غیرسیاسی بنیادوں پر کرائے جارہے ہیں۔سی ای او نے کہا کہ انتخابات کے اعلان سے ضابطہ اخلاق لاگو ہوگیا ہے۔ سی ای او نے کہا کہ انتخابات صبح8 بجے سے دوپہر2 بجے تک بیلٹ کے ذریعے کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنچایتی قوانین میں حالیہ ترامیم سے ووٹر پنچ اور سرپنچ دونوں کے لئے ووٹ ڈال سکتے ہیں جن کے لئے انہیں2 الگ الگ رنگوں پر مشتمل بیلٹ پیپر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک پنچایت حلقے کے لئے معقول تعداد میں پولنگ سٹیشن نامزد کئے گئے ہیں جن میں تقریباً58 لاکھ 54 ہزار 208 رائے دہندگان اپنی حق رائے دہی کے استعمال کے اہل ہوں گے۔
ان میں کشمیر صوبے میں 29 لاکھ 91 ہزار 118 اور جموں صوبے میں 28 لاکھ 63 ہزار 80 ووٹر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو ووٹر سلپ اُردو اور انگریزی زبانوں میں دستیاب کی جائیں گی اور ووٹر شناختی کارڈ ووٹ ڈالنے کے لئے لازمی ہوگا۔
سی ای او نے کہا کہ انتخابات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جنرل آبزرور تعینات کئے جائیں گے جبکہ مائیگرینٹ کشمیر پنڈتوں کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے لئے ایک سکیم تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن23 ،26 اور29 اکتوبر اور یکم ،3 ،6 ،12 اور14 نومبر کو مشتہر کی جائے گی۔ انتخابات کے لئے نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ2 ،5 ،8 ،10 ،13 ،16 ،19 اکتوبر اور22 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ31 اکتوبر،6 ،9 ،12 ،14 ،17 ،20 اور24 نومبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔
نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ2 ،5 ،8 ،12 ،14 ،16 ،19 ،22 اور26 نومبر طے کی گئی ہے۔ پولنگ17 ،20 ،24 ،27 ،29 نومبر اور یکم ،4 ،8 اور11 دسمبر کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی مذکورہ ایام پر ہی ہوگی اور انتخابی عمل17 دسمبر کو مکمل ہوگا۔
سی ا ی او نے کہا کہ اُمیدواروں کے اخراجات کے عمل پر نگرانی کے سلسلے میں پہلے ہی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انتخابات سے جڑے اخراجات کی نگرانی کے لئے اُمیدواروں کو نامزدگی داخل کرنے کے دِن اخراجات رجسٹر فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرپنچ کے لئے تصرف کی حد20 ہزار روپے اور پنچ کے لئے یہ حد5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
تمام اُمیدوار مذکورہ رجسٹر پر اخراجات سے متعلق جانکاری درج کریں گے۔ سی ای او نے کہا کہ انتخابی عمل سے جڑے تمام اہم امور کی ویڈیو گرافی کرائی جائے گی جس کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر لازمی انتظامات کریں گے۔