ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پرہلاد جوشی پر بیان واپس نہیں لوں گی، سچ بولنے کی سزا بھی قبول: پرینکا گاندھی

پرہلاد جوشی پر بیان واپس نہیں لوں گی، سچ بولنے کی سزا بھی قبول: پرینکا گاندھی

Thu, 30 Jul 2026 12:00:27    S O News

نئی دہلی، 30/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے نئے مرکزی وزیر تعلیم پرہلاد جوشی  سے متعلق اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کیا۔ پرینکا گاندھی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایوان میں کوئی غیر پارلیمانی بات نہیں کہی بلکہ صرف سچ بیان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سچ بولنے کی وجہ سے انہیں سزا بھی دی جاتی ہے تو بھی وہ عوام کے مسائل پر اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کے بیان کو کارروائی سے حذف کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے صرف ایک مخصوص واقعے کا نہیں بلکہ خواتین کے تئیں ذہنیت اور رویے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پرینکا نے بتایا کہ انہوں نے اسپیکر کو وہ ثبوت پیش کردیے ہیں جس کا حوالہ انہوں نے اپنے بیان میں دیا تھا۔

اسی دوران پرینکا گاندھی نے منگلور وکے ایک پب میں خواتین پر حملے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ اس مقدمے سے وابستہ شخص کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں کس نے شامل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعد میں اسے پارٹی سے نکال دیا گیا لیکن اس کی بی جے پی میں شمولیت کی تصاویر آج بھی موجود ہیں۔

پرینکا گاندھی نے زور دے کر کہا کہ خواتین کے احترام اور تحفظ سے متعلق سوال اٹھانا ہر عوامی نمائندے کی ذمہ داری ہے اور وہ آئندہ بھی ایسے معاملات پر بے خوف ہو کر بولتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ پرینکا گاندھی نے گزشتہ روز ایوان میں پیپر لیک ترمیمی بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پرہلاد جوشی  پر طنز کیا تھا کہ مودی حکومت نے ایسے شخص کو وزیر تعلیم بنادیا جس نے بلقیس بانو عصمت دری کے مجرموں کی رہائی کی حمایت کی تھی۔


Share: