یلاپور:6؍فروری(ایس اؤ نیوز) توقع کے مطابق یلاپور ودھان سبھا حلقہ کے رکن اسمبلی شیورام ہیبار بی ایس یڈیورپا کی قیادت والی بی جے پی سرکار کی کابینہ میں شامل ہوتے ہوئے اپنے وزارت کے دیرینہ خواب کو پورا کرلیا ہے۔
صرف چار ماہ پہلے مخلوط حکومت کے زوال اور بی جے پی حکومت کے برسراقتدار آنے کی اہم وجہ سبب بننے والے 17ارکان اسمبلی میں سے شیورام ہیبار بھی ایک تھے۔گزشتہ 20برسوں سے سیاست میں سرگرم رہنےو الے شیورام ہیبار تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
لاری ڈرائیور سے وزارت تک :چاردہوں پہلے لاری ڈرئیور کے طورپر اپنی صنعت شروع کرنے والے شخص شیورام ہیبار جمہوری نظام کے اعلیٰ مقام پر پہنچ گئے، انہوں نے آج کابینہ وزیر کا حلف لیا۔ زرعی خاندان سے تعلق رکھنے والے شیورام ہیبار نے اپنی زندگی میں کئی چیلنجس کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور ان کی خود اعتمادی نے انہیں آج وزیر کی کرسی پر بٹھا دیا ۔ 1970کے دہے میں اپنے بہنوئی کی لاری میں کلینر کا کام کرتے ہوئے آگے چل کر لاری خرید کرخود ہی لاری کا مالک بنتے ہوئے اپنی صنعت کو آگے بڑھایا۔
1983میں یلاپور اے پی ایم سی انتخابات میں منتخب ہوتے ہوئے عوامی زندگی کے ذریعے سیاست میں قدم رکھا۔ جب ضلع میں کانگریس کا طوطی بولتاتھا تو ان حالات میں بی جے پی ضلع صدر کی حیثیت سے پارٹی کی تعمیر و ترویج کی۔ لیڈران کی رسہ کشی سے تنگ آکر بی جےپی کو چھوڑ دیا اور کانگریس میں شامل ہوئے ہیبار 2008میں یلاپور ودھان سبھا حلقہ سے کانگریس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑتے ہوئے وی ایس پاٹل کے خلاف ہار گئے مگر حلقہ میں عوام سے رابطہ رکھتے ہوئے 2013اور2018کے انتخابات میں کانگریس کی ٹکٹ پر جیت حاصل کی۔
دوسری مرتبہ کانگریس سے منتخب ہونے پر ہیبار نے وزارت کا مضبوط دعویٰ پیش کیا تھامگر ضلع میں دیش پانڈے جیسے دگج لیڈر کے ہوتے اتنا آسان بھی نہیں تھا۔ اپنی امیدیں پوری ہونا مشکل لگنے لگا تو ریاست کی جے ڈی ایس اور کانگریس مخلوط حکومت کے خلاف کھلے عام بغاوت کرتےہوئے رکن اسمبلی سے استعفیٰ دے کر 2019کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور اب وزارت کے عہدے پر فائز ہوگئے ہیں۔
پچھلے پانچ دہوں کی ضلعی سیاست پر نظر ڈالیں تو یہاں سنئیر سیاست دان آر وی دیش پانڈے کا سینہ تانے مقابلہ کرتے ہوئے ہیبار نے 2018کے انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے بعد کھلے عام دیش پانڈے کے خلاف عدم اطمینان کا اظہار کیاتھا۔ اب ہیبار کی قسمت چمک اُٹھی ہے، رکن اسمبلی کہلانے والے ہیبار اب ضلع نگراں کار بھی وزیر بن گئے ہیں جس سے اُن کی امید یں بر آئی ہیں۔