کاروار:26؍اگست (ایس اؤ نیوز)گوا سے کاروار میں داخل ہونے والوں کےلئے کووڈ آر ٹی پی سی آر کی سند لازمی قرار دینے کی وجہ سے منگل کو گوا کی سرحد پر کاروار آنے والے کئی لوگ پریشان دکھائی دئیے۔ مقامی لیڈران نے اس سلسلے میں بحث بھی کی پھر رات 8بجے کے قریب حالات معمول پرلوٹے۔
کرناٹک کی ریاستی حکومت نے کووڈ گائیڈ لائنس کے مطابق سرحد سے ریاست میں داخل ہونےو الوں کے لئے کووڈ کی آرٹی پی سی آر رپورٹ لازمی قرار دی ہے۔ اور منگل کو ہی گوا کی سرحد پر اس کو جاری کیاگیا ہے۔ جس کے نتیجے میں کاروار پہنچنے والے کئی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوا کے عوام کو کاروار جانے کےلئے موقع نہ دئیےجانےکی جانکاری جیسے ہی گوا کے سیاسی لیڈران کو ملی تو وہ جائے وقوع پر پہنچے ۔ گوا پردیش کانگریس جنرل سکریٹری جناردھن بھنڈاری، کانکون میونسپالٹی صدر سائمنڈ ریبلو سمیت کئی لیڈران سرحد پر جمع ہوئے۔ اچانک ایس او پی بدل کر ، عوام کو جانکاری دئیے بنا قانون نافذ کئےجانے پر لیڈران نے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اسی وقت کاروار کی اے سی ودیا شری چندرگی جائے وقوع پرپہنچی اور حالات کو سنبھال لیا۔ بعد میں رات قریب 8بجے گوا سے کاروار میں داخل ہونے والوں کو پہلے کی طرح موقع دیا گیا ۔
جانکاری نہ دینے پر برہم عوام : دوپہر 1بجے کے قریب گوا کے پولم سرحد پر پہنچے لوگوں میں کئی سارے منی پال ، منگلورو اسپتال جانے والے بھی تھے اور انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹروں سے وقت لیاتھا، اسی طرح چند ایک لوگ کاروار میں اپنے رشتہ داروں سےملاقات کےلئے نکلے تھے، ان میں سے کچھ لوگ موت کی خبر سن کر آخری رسومات میں شامل ہونےو الے بھی تھے۔ لیکن سرحد پر اچانک نیا اصول جاری کرنے پر عوام نے سخت برہمی کااظہارکیا۔ عوام اس بات پر ناراض تھے کہ نئے اصول جاری کرنےسے پہلے عوام کو کیوں جانکاری نہیں دی گئی ؟
پابندی ٹھیک نہیں ہے:اس سلسلےمیں بات کرتےہوئے گوا کے پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری جناردھن بھنڈاری نے کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے تیار کردہ ایس او پی کی خلاف ورزی نہیں کررہےہیں، لیکن کانکون اور کاروار کے درمیان ایک جذباتی تعلق ہے۔ کئی ایک معاملات میں دونوں ایک دوسرے پر منحصر ہیں۔ ان حالات میں دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ایک جگہ بیٹھ کر فائدے اورنقصانات کے متعلق گفتگو کریں اور کوئی فیصلہ لیں۔ عوام پر اچانک اصولوں کو تھوپنا صحیح نہیں ہے۔
اصولوں کی پابندی لازمی :سرکاری اصولوں پر عمل آوری سب کے لئے ضروری ہے۔ کرناٹک ریاست میں داخلے پر ایک یا دونوں ڈوز کا لینا چاہئے۔ اگر یہ نہیں ہے تو 72گھنٹوں کے اندر لی ہوئی آرٹی پی سی آر سند ہونا لازمی ہونےکی بات کاروار کی اے سی ودیا شری چندرگی نے کہی۔