ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کرناٹک حجاب معاملہ: اُڈپی کی ملاگریس کالج میں باحجاب طالبات کی تائید میں کالج کے سیکڑوں  لڑکوں نے بھی کیا امتحانات کا بائیکاٹ

کرناٹک حجاب معاملہ: اُڈپی کی ملاگریس کالج میں باحجاب طالبات کی تائید میں کالج کے سیکڑوں  لڑکوں نے بھی کیا امتحانات کا بائیکاٹ

Sat, 19 Feb 2022 18:05:54    S.O. News Service

اُڈپی:19؍ فروری (ایس اؤ نیوز) باحجاب طالبات کی تائید میں سیکڑوں طلبہ نے بھی  امتحان کابائیکاٹ کرتےہوئے کلاسوں سے باہر نکل گئے اور باحجاب   طالبات کا ساتھ دینے ان کے ساتھ احتجاج میں کھڑے ہوگئے۔ یہ  واقعہ اُڈپی کے کلیان پور میں واقع ملاگریس کالج میں جمعہ کو  پیش آیا ۔

طلبہ کا مطالبہ ہے کہ باحجاب طالبات کو بھی امتحان میں شریک کیاجائے۔اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلبہ  نے بتایا کہ  ہم سب ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں اب تک کہیں بھی کوئی تفریق نہیں تھی اب اچانک یہ سب کہاں سے آیا۔ گذشتہ دو دنوں سے باحجاب طالبا ت کو ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے بہانے  کلاس میں حاضر ہونے نہیں دیا جارہا ہے ۔

چھٹی سےلوٹیں پرنسپال ڈاکٹر ونسنٹ آلوا نے کالج  پہنچتے ہی طلبا کے ساتھ میٹنگ میں ہائی کورٹ کے عبوری حکم نامےکی تفصیلات بتائیں اورمسلم طالبات کو  کالج میں موجود خواتین کے  راحت گاہ میں اپنا حجاب نکال کر کلاس میں حاضر ہونےکی ہدایات دیں اور بتایا کہ جب کبھی تم  کو لائبریری جانا ہو، پروفیسر حضرات سےکچھ پوچھنا  اور اسٹاف روم آنا ہوتو حجاب پہن کر آسکتی ہو۔ لیکن  طالبات نے پرنسپال سےکہاکہ ہم اپنا حجاب اُتار کر کلاسوں میں حاضر نہیں ہوں گے اور ہائی کورٹ کے  حتمی حکم کا انتظار کریں گے  

اسی دوران باحجاب طالبات کی حمایت میں مسلم طلبہ نے بھی  امتحانات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جب ہماری بہنوں کو  حجاب کے ساتھ کلاس میں جانے نہیں دیا جائے گا تو پھر ہم بھی کلاس میں نہیں جائیں گے۔ بتایا جارہاہے کہ اس موقع پر لڑکوں کو سمجھانے کی کافی کوشش کی گئی   مگر سیکڑوں طلبا کلاس سے باہر نکل گئے اور اپنی ہی بات پر اڑ گئے کہ  باحجاب لڑکیوں کو کلاس میں داخلہ نہیں دیا جارہا ہے، اس لئے  ہم بھی ان کی تائید میں کلاسوں کا بائیکاٹ کرتےہیں ۔واقعے کی جانکاری ملنے پر پولس جائے وقوع  پر پہنچی  اور حالات کو بے قابو ہونے نہیں دیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ملاگریس  کے پی یو کالج میں 24اور ڈگری کالج میں 35سے زائد مسلم طالبات زیر تعلیم ہیں اور حجاب پر پابندی عائد کئے جانےسے اُنہیں کلاسوں  میں داخلہ نہیں دیا گیا ہے۔

ایم جی ایم میں امتحانات کے لئے موقع :اُڈپی کے ایم جی ایم کالج میں 10دنوں کے بعد کلاسس کی شروعات ہوئیں۔ ڈگری کالج میں داخلی امتحانات چل رہے ہیں تو پی یو کالج میں شعبہ سائنس کے پراکٹیکل امتحانات ہورہے ہیں۔ ایم جی ایم کیمپس میں پولس کا سخت بندوبست کیاگیا تھا اُڈپی کے ایس پی وشنو وردھن نے زائد سکیورٹی کے لئے کے ایس آرپی کاایک دستہ تعینات کیا ہے۔ جن طالبات کے امتحانات تھے انہی طلبا کو کالج میں داخل ہونے دیاگیا۔

پتور کی کالج میں  تین دن چھٹی :پتور کے جڈیکلو کی سرکاری فرسٹ گریڈڈگری کالج میں مسلم طالبات حجاب کے ساتھ پہنچیں تو کالج پرنسپال نے انہیں کلاس میں حاضر  ہونے سے روکا اور حالات کو دیکھتےہوئے تین دنوں کے لئے کالج کو چھٹی دے دی ۔ جڈیکلو سرکاری فرسٹ گریڈ ڈگری کالج کو جمعہ کے دن مسلم طالبات حجاب پہن کر پہنچیں ۔ انہیں کلاس میں حاضر ہونے سے پرنسپال نے روکا ۔ اس  دوران چند طلبا نے کالج انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ باحجاب مسلم طالبات کو کلاس میں حاضر ہونے دیا جائے ۔ لیکن کالج انتظامیہ نے منظوری نہیں دی اور فوری طورپر پولس کو بلا بھیجا گیا۔ اس کے بعد کالج کو تین دن کی چھٹی دئیےجانےکا اعلان  کیا۔


Share: